لاہور (فرخ سعید خواجہ) سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف موٹر وے کے راستے اتوار 6اگست کو لاہور پہنچیں گے۔ مسلم لیگ ن لاہور کے زیر اہتمام لاہور میں ان کا رات دس بجے کے لگ بھگ بابو صابو انٹر چینج پر استقبال کریں گے۔ سکیورٹی مسائل کی وجہ سے نواز شریف نے جی ٹی روڈ کی بجائے موٹر وے سے آنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور پنجاب مسلم لیگ کے جنرل سیکرٹری کے عہدے خالی ہونے کی وجہ سے صوبائی تنظیم سمیت ضلعی تنظیموں کو استقبال کے پروگرام سے جمعرات کی شام تک آگاہ نہیں کیا جا سکا۔ مسلم لیگ ن پنجاب کے سیکرٹریٹ میں آفس سیکرٹری سرفراز احمد کاظمی نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے استقبالی پروگرام سے لاعلمی ظاہر کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی اور مسلم لیگ ن ضلع ننکانہ کے صدر اور ننکانہ سے رکن پنجاب اسمبلی رانا محمد ارشد نے بھی اس سلسلے میں لاعلمی کا مظاہرہ کیا۔ مسلم لیگ ن ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ضلعی صدر اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے رکن پنجاب اسمبلی چودھری امجد جاوید بھی نواز شریف کے اسلام آباد راولپنڈی سے لاہور آمد کے پروگرام سے بے خبر تھے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں پارٹی کی طرف سے کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ لیبر ونگ کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سردار خالد ملک‘ یوتھ ونگ پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات جواد صدیقی اور یوتھ ونگ شیخوپورہ کے رانا خلیل ورک بھی مسلم لیگ ن کے قائد کی لاہور واپسی کے پروگرام سے لاعلم پائے گئے۔ ان حالات میں نواز شریف کا بہت بڑا استقبال بہت بڑی بات ہوگی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اعلامیے کے مطابق میاں محمد نواز شریف اتوار کو اسلام آباد کے پنجاب ہاؤس سے دن گیارہ بجے لاہور کیلئے روانہ ہونگے اور بذریعہ موٹروے بابو صابو انٹرچینج سے لاہور شہر میں داخل ہونگے میاں محمد نواز شریف کی استقبالیہ ریلی بذریعہ بند روڈ نیازی چوک، راوی روڈ اور آزادی چوک سے ہوتے ہوئے داتا دربار پہنچ کر اختتام پذیر ہو گی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے سیکرٹری اطلاعات و نشریات عمران علی گورائیہ نے بتایا کہ پارٹی قیادت کی طرف سے لاہور شہر کی تنظیم کی استقبالیہ انتظامات کے لئے ذمہ داریاں لگا دی ہیں جبکہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بلدیاتی چیئرمین اور تمام پارٹی کارکنان متحرک انداز میں کام کرتے ہوئے اپنے قائد کا شاندار اور تاریخی استقبال کرینگے اور ثابت کرینگے کہ میاں نواز شریف ہی عوام کے مقبول ترین قائد ہیں۔ انہوں کہا کہ 6 اگست کو دنیا دیکھے گی کہ مسلم لیگ ن کی مقبولیت کس قدر زیادہ ہے اور اس بارے میں منفی پراپیگنڈہ کرنے والے کہاں کھڑے ہیں سازشیں کرنیوالوں کو منہ کی کھانا ہوگی اور انشاء اللہ عوام کے حقیقی قائد میاں محمد نواز شریف سرخرو ہونگے۔ عمران علی گورائیہ نے کہا کہ کسی کو غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہئے میاں محمد نواز شریف کو عوام کے دلوں میں نکالنے کی امیدیں کبھی پوری نہیں ہونگی قوم جانتی ہے کہ انہوں نے ملک کو اندھیروں سے نکالنے اور خوشحالی و ترقی سے ہمکنار کرنے کلئے دن رات محنت اور لگن سے کام کیا اور ان کی کوششوں کے ثمرات ساری دنیا پر عیاں ہیں انہوں نے کہا کہ زندہ دلان لاہور 6 اگست اتوار کو لاہور شہر میں اپنے قائد کا شایان شان استقبال کرکے ان کی خدمات کا اعتراف کرینگے اور ان کے خلاف کی جانے والی سازشوں کو بے نقاب کرینگے میاں نواز شریف کے استقبال کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے عہدیداران لاہور شہر سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور بلدیاتی اراکین کا اجلاس منعقد ہوا جس میں 6 اگست اتوار کیلئے ذمہ داریاں بھی تفویض کی گئیں۔