لاہور (وقائع نگار خصوصی+ نامہ نگاران) ہائیکورٹ نے این اے 131کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے دائر درخواست پر سماعت آج صبح گیارہ بجے تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے عمران کے وکیل بابر اعوان کو طلب کرلیا۔ عدالت نے جمعہ کی رات بارہ بجے تک اس حلقہ سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا۔ خواجہ سعد رفیق کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان نے اس سیٹ کو چھوڑنے کا عندیہ دیا ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو ان کی درخواست غیر موثر ہو جائے گی۔ عمران خان خود حلقے کھولنے کا کہہ چکے ہیں اب اپنے بیان پر کیوں قائم نہیں۔ عدالت کے حکم پر الیکشن کمشن کے ذمہ دار افسر ریکارڈ سمیت پیش ہو گئے۔ وکیل الیکشن کمشن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ خواجہ سعد رفیق نے ووٹوں کی گنتی کی درخواست نہیں دی۔ عمران خان کے وکیل بابر اعوان سپریم کورٹ میں مصروف ہونے کی بنا پر پیش نہ ہوئے۔ ان کی طرف سے ایک روز کی مہلت مانگی گئی۔ جس پر عدالت نے این اے 131 کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے دائر درخواست پر سماعت آج صبح گیارہ بجے تک ملتوی کر دی۔ ہائیکورٹ نے پی پی 123پیر محل سے مسلم لیگ (ن) کے ناکام امیدوار قطب علی شاہ کی درخواست پر حلقے میں دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا۔ ہائیکورٹ نے عابد شیر علی کی درخواست پر این اے 108 سے پی ٹی آئی کے فرخ حبیب کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا۔ عابد شیر علی کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لئے درخواست پر الیکشن کمشن آف پاکستان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 6اگست کو جواب طلب کرلیا۔ ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے 279 ووٹوں سے ہارنے والے امیدوار کی درخواست منظور کرتے ہوئے حلقہ سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا۔ ناکام امیدوار این اے 91 سرگودھا عامر سلطان چیمہ کی درخواست میں الیکشن کمشن، صوبائی الیکشن کمشن اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار نے 1 لاکھ 10 ہزار246 ووٹ حاصل کیے۔ (ن) لیگی امیدوار ذوالفقار احمد بھٹی نے ایک لاکھ 10 ہزار 525 ووٹ حاصل کئے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ 279 ووٹوں کے فرق سے (ن) لیگ کے امیدوار ذوالفقار احمد بھٹی کو کامیاب قرار دیا گیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے پی پی 177قصور میں دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا۔ درخواست (ن) لیگ کے احسن رضا کی جانب سے دائر کی گئی۔ عدالت نے پی پی 118ٹوبہ ٹیک سنگھ سے پی ٹی آئی کے ناکام امیدوار کی درخواست پر حلقے میں دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا۔ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے این اے 90سے چودھری حامد حمید کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روک دیا ہے اور فریقین کو 7اگست کو طلب کرلیا ہے۔ امیدوار قومی اسمبلی ڈاکٹر نادیہ عزیز نے لاہور ہائیکورٹ میں رٹ دائر کرتے ہوئے مﺅقف اختیار کیا تھا کہ ہمارے حلقہ کی گنتی درست نہیں ہوئی ہے۔ شورکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق پی پی 129سے تحریک انصاف کے نومنتخب ایم پی اے آصف کاٹھیہ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر روک دیا۔ آزاد امیدوار میاں مادھولعل حسین نے دوبارہ گنتی کی درخواست دائر کی تھی۔
دوبارہ گنتی