لندن (نوائے وقت رپورٹ) برطانیہ میں دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کے جرم میں ملوث خاتون کو دو مرتبہ عمرقید کی سزا سنا دی گئی۔ جنوبی لندن کے علاقے ووکس ہال کی 18سالہ خاتون کو 13برس قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ صفا بولارو دہشت گردی کے جرم میں سزا پانے والی کم عمر ترین برطانوی خاتون ہے۔ صفا بولارو نے اپنی ماں اور بہن کے ساتھ مل کر دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کی۔ صفا کی ماں اور بہن کو پہلے ہی 11اور 16برس کی سزا سنائی جاچکی ہے۔ دہشت گرد گروہ میں شامل ایک اور خاتون خولہ برغوتی کو 28ماہ کی قید سنائی گئی تھی۔ صفا بولارو پر برٹش میوزیم میں دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کا جرم ثابت ہوا تھا۔ صفا کی بہن پر ویسٹ منسٹر میں دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کا جرم ثابت ہوا تھا۔ صفا نے داعش میں شمولیت کیلئے شام کے سفر میں ناکامی پر دہشت گردی کا منصوبہ بنایا۔