لاہور (آئی این پی) مسلم لیگ(ن)کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران نیازی بہانے چھوڑو ، تھیلے کھلواؤ جان چھڑاؤ، عمران خان کے وکیل بابر اعوان دوسرے دن بھی عدالت عالیہ میں پیش نہ ہوئے، کتنی تاریخیں مانگو گے جھوٹو، ملک پر بے شرموں کی حکومت بنانے کی تیاری جاری ہے، منافقت، جھوٹ، بد دیانتی اور بہروپ پی ٹی آئی کا ٹریڈ مارک ہے۔ جمعہ کو اپنے ٹوئٹر پیغام میں سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ(ن)کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ این اے 131 میں متوقع دوبارہ گنتی حکم سے بچنے کیلئے عمران نیازی کے حیلے بہانے جاری ہیں، عمران خان کے وکیل بابر اعوان دوسرے دن بھی عدالت عالیہ میں پیش نہ ہوئے، کتنی تاریخیں مانگو گے جھوٹو!!۔ انہوں نے مزید کہا کہ سابق این اے 125 میں 40000 ووٹ کی شکست کو چیلنج کرنے والے خود 600 ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے بھاگ رہے ہیں، دوسروں پر بہتان لگانے والا خود دھاندلی زدہ وزیر اعظم بننا چاہتاہے، ملک پر بے شرموں کی حکومت بنانے کی تیاری جاری ہے۔
عمران نیازی بہانے چھوڑو ، تھیلے کھلواؤ جان چھڑاؤ: سعد رفیق
Aug 04, 2018