ریاض/ جدہ / اسلام آباد (این این آئی+ اے پی پی) خادم الحرمین الشریفین کے مشیر، مکہ معظمہ کے گورنر اور مکہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین شہزادہ خالد الفیصل نے حج 1439ء کے آپریشنل پلان کا اعلان کردیا ہے۔ رواں سال حج کے موقع پر دنیا بھر سے آئے عازمین حج کی خدمت پر 14 ہزار اہلکار اور 400 گاڑیاں مختص کی گئی ہیں۔ حج آپریشنل پلان کے اعلان کا مقصد حج کے حوالے سے تیار کردہ منصوبوں کو عملی شکل میں لانا اور ان کی کارکردگی سے استفادہ کرنا ہے۔ حج آپریشن پلان کی نگرانی مشاعر مقدسہ اتھارٹی کو سونپی گئی ہے۔ اس میں مشاعر مقدسہ ٹرین، الجمرات تنصیبات، سیورج، طہارت خانوں کا قیام اور پانی کی فراہمی، حجاج بیت اللہ کو پانی پلانے کا منصوبہ، حج سروسز کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے دیگر خدمات شامل ہیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق حج آپریشنل پلان کی نگران اتھارٹی کے ترجمان انجینئر جلال بن عبدالجلیل کعکی نے ایک بیان میں کہا کہ حجاج کرام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کا منصوبہ گورنر مکہ کی زیرنگرانی روبہ عمل ہے۔ گورنر مکہ اور ان کے نائب حج سے متعلق سروسز کی براہ راست نگرانی کررہے ہیں۔ دریں اثنا سعودی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر العواد نے حج 1439ھ ابلاغی پروگرام کا افتتاح کر دیا۔ حج ویب سائٹ بھی جاری کر دی جس سے حج موسم کی بابت تمام معلومات، خبریں، رپورٹیں اور پروگراموں کی تفصیلات مہیا کی جائیں گی۔ علاوہ ازیں سعودی عرب میں داخلی عازمین کو حج کرانے والے اداروں و کمپنیوں کی رابطہ کونسل کے رکن محمد القرشی نے کہا ہے کہ 120سے زیادہ سعودی خواتین حاجیوں کے بچوں کی نگہداشت کریں گی۔ مکہ مکرمہ میں عازمیں کے بچوں کی نگہداشت کے لئے 12 آیائیں مقرر کی گئی ہیں اور اس مقصد کے لئے 22 نرسریاں بھی کھول دی گئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بچوں کی نگہداشت کے خواہشمند عازمین حج نے اپنے بچوں کے لئے آن لائن بکنگ کرانا بھی شروع کر دیا ہے اور اب تک 500 بچوں کی بکنگ ہو چکی ہے جن کی عمریں 3 سے 6 برس کے درمیان ہیں۔ محمد القرشی نے کہا ہے کہ نگہداشت کے لئے فی بچہ 2500 ریال فیس وصول کی جائے گی۔ دریں اثنا فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے سرکاری اور پرائیویٹ سکیموں کے تحت مجموعی طورپر 82ہزار 382 عازمین حجاز مقدس پہنچ چکے ہیں، حج سے قبل فلائٹ آپریشن 15 اگست تک مکمل کرلیا جائیگا۔
عازمین حج کی خدمت کیلئے 14 ہزار ملازمین مامور، 400 گاڑیا ں مختص
Aug 04, 2018