عارفوالا (نمائندہ نوائے وقت) 2 روز قبل اغواء ہونے والا 11سالہ بچہ اغواء کاروں کے چنگل سے فرار ہونے میں کامیاب۔ ڈی ایس پی عارفوالا رانا محمد اکمل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایم بلاک کا رہائشی 11سالہ محمد مصطفیٰ ٹیوشن سے فارغ ہو کر گھر جارہا تھا کہ نامعلوم اغواء کاروں نے راستہ پوچھنے کے بہانے اغواء کر کے کار میں سوار کرلیا جبکہ اسے نشہ آور بوتل پلا کر بیہوش کر کے لے گئے اغواء کاروں نے بونگہ حیات کے نزدیک ہوٹل سے کھانہ کھانے کیلئے اترے جبکہ بچے کو بیہوشی کی حالت میں کار میں چھوڑ دیا۔ ہوش آنے پر مغوی مصطفی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ڈی ایس پی عارفوالا نے بتایا کہ اغواء کاروں کا سراغ لگانے کیلئے پولیس کوشش کر رہی ہے۔