راولپنڈی (سلطان سکندر) آزاد کشمیر کے وزیر برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ حافظ محمد احمد رضا قادری نے وزارت کے اختیارات کے سوال پر استعفیٰ دیا ہے وہ ایک ماہ پہلے بھی استعفیٰ دے چکے ہیں جو دوست احباب کی کوششوں سے واپس کرایا گیا تھا۔ احمد رضا قادری نے ’’نوائے وقت‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بطور وزیر گزشتہ ساڑھے تین ماہ کے دوران مجھے کوئی اختیارات حاصل نہیں تھے اس لئے میں نے وزیراعظم سے کہا تھا کہ مجھے فارغ کر دیا جائے یا اختیارات دیئے جائیں کیونکہ میں کام کاج کے بغیر مراعات حاصل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا چیئرمین چیف سیکرٹری ہے اس بارے وزیر کوئی اختیار حاصل نہیں۔ حافظ محمد احمد رضا قادری کا کہنا تھا کہ میں آج سارا دن اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کے مقدمے کی سماعت کے موقع پر بطور کارکن اسلام آباد ہائی کورٹ میں موجود رہا۔ اس دوران میرے بارے میں کچھ حاسدین نے سوشل میڈیا پر بکواسات شروع کر دیں کہ میں نے پارٹی چھوڑ دی ہے یا میرے راجہ فاروق حیدر صاحب سے کچھ اختلافات ہیں جس سے میرے کچھ خیرخواہ پریشان ہوئے۔ مجھے نہ تو اپنی پارٹی سے کوئی ناراضگی ہے اور نہ ہی راجہ فاروق حیدر صاحب سے کوئی اختلاف‘ میں پاکستان مسلم لیگ ن کا ادنیٰ کارکن تھا‘ ہوں اور رہوں گا۔ بحیثیت سیاسی کارکن اور رکن اسمبلی میں اپنی پارٹی کے ساتھ پوری استقامت سے کھڑا ہوں اور انشاء اﷲ اچھے اور برے تمام حالات میں اپنی قیادت کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔ ہماری جماعت میں نفاق کے منتظر لوگوں کو انشاء اﷲ مایوسی ہو گی ’’جیسے بھی حالات رہیں یہاں تیرے ساتھ رہیں گے‘‘ واضح رہے کہ حافظ احمد رضا قادری نے وزیراعظم کے نام استعفیٰ فیکس اور ٹی سی ایس کے ذریعے ارسال کیا ہے تاہم وزیراعظم سیکرٹریٹ کی طرف سے کوئی ردعمل یا جواب سامنے نہیں آیا۔
وزارت ملی اختیارات نہیں، کام کئے بغیر مراعات نہیں لے سکتا: احمد رضا قادری
Aug 04, 2018