لاہور ( این این آئی)سارک چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر اور یونائٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے مرکزی چیئرمین افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کے استحکام کیلئے عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت کو غیرملکی براہ راست سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کو پاکستان کی طرف متوجہ کرنے کے لئے خصوصی مراعاتی پیکج کا اعلان کرنا ہوگا۔ جمعہ کو جاریاپنے بیان میں افتخار علی ملک نے کہا کہ مینو فیکچرنگ اور انفراسٹر کچر سیکٹرز میں پائیدار ترقی کیلئے طویل مدتی غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کا راستہ کھولنا ہوگا کیونکہ اس سے روزگار کے مواقع اور معاشی ترقی میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آئندہ حکومت جرات مندانہ اقتصادی پالیسیوں کا اعلان کرے تو ملکی اقتصادی حالات میں فوری بہتری ممکن ہے۔ حکومت کو قومی اداروں کی مضبوطی، بدعنوانی کے خاتمے اور اچھی حکمرانی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے بھی ایک قدم آگے جانا ہوگا۔ غیر ملکی سرمایہ کاری میں اٖضافہ کے لئے بہترین منصوبہ بندی، سرخ فیتے کے خاتمہ اور غیر ضروری قانونی رکاوٹوں کے خاتمے کے علاوہ ون ونڈو آپریشن کے ذریعہ تمام سہولیات فراہم کرنا ہونگی۔
متوقع حکومت کوسرمایہ کاری کیلئے پیکج کا اعلان کرنا ہوگا‘ افتخا ر ملک
Aug 04, 2018