زمبابوے: رابرٹ موگابے کے بغیر پہلے انتخابات، ایمرسن مننگاگوا دوبارہ صد ر منتخب

Aug 04, 2018

ہرارے(این این آئی) زمبابوے کی تاریخ میں سابق صدر رابرٹ موگابے کے بغیر ہونے والے پہلے انتخابات میں حکمران جماعت نے اپنا کنٹرول برقرار رکھا اور زمبابوین صدر ایمرسن مننگاگوا( صفحہ10بقیہ36) نے 50 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کرلی۔امریکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایمرسن مننگاگوا نے 50.8 فیصد جبکہ اپوزیشن جماعت کے نیلسن چیمیسا نے 44.3 فیصد ووٹ حاصل کیے، تاہم اپوزیشن اس فیصلے کو عدالتوں میں چیلنج کرنے یا سڑکوں پر احتجاج کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔انتخابات میں کامیابی کے بعد زمبابوین صدر کا کہنا تھا کہ وہ اپنی کامیابی پر عاجزی کا اظہار کرتے ہیں، اگرچہ انتخابات کے وقت ہم تقسیم تھے لیکن ہمارے خواب ایک تھے اور ہم متحد تھے۔ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک نئی شروعات ہے، لہٰذا امن، اتحاد، محبت اور ایک نئے زمبابوے کی تعمیر کے لیے ہاتھ ملائیں۔اس حوالے سے انتخابی عمل کی نگرانی کرنے والے مغربی مبصرین نے فوج کی جانب سے طاقت کا استعمال کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ ایک ایسے ملک میں جس کی معیشت کئی سال قبل ہی تباہ ہوچکی ہے وہاں بین الاقوامی پابندیاں ختم کرنے کے لیے انتخابات کا انعقاد انتہائی ضروری تھا۔دوسری جانب انتخابی نتائج کے اعلان سے قبل اپوزیشن الائنس کے چیف ایجنٹ مورگن کومیچی کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت انتخابی نتائج کومکمل طور پر مسترد کرتی ہے اور وہ اس نتیجے پر دستخط نہیں کریں گے۔ انتخابات ’دھوکا‘ تھے اور اس میں ہر عمل ’غیر قانونی‘ تھا۔اپوزیشن رہنما نے کہا کہ ہم ان انتخابات کا حصہ نہیں ہیں اور ان انتخابات کو عدالتوں میں چیلنج کیا جائے گا۔

مزیدخبریں