سرینگر، اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ/ بی بی سی) حریت رہنما سید علی گیلانی نے مسلم امہ کے نام پیغام میں کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی تاریخ کا سب سے بڑا قتل عام کرنے جا رہا ہے۔ اگر ہم شہید اور آپ سب مسلمان خاموش رہے تو اﷲ تعالیٰ کو جواب دینا ہو گا۔ اﷲ تعالیٰ ہم سب کی حفاظت فرمائے۔میر واعظ نے کشمیریوں سے ایکشن کی اپیل کی ہے۔ ادھر سیاحوں‘ غیر کشمیریوں اور طلباء کو واپسی کے حکم پر سیاسی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی۔ سابق وزیراعلیٰ عمر عبداﷲ نے کہا فوج‘ ائرفورس کو الرٹ کرنے کا مطلب کیا ہے۔ میئر سرینگر جنید عظیم نے کہا ہم سب محصور ہیں۔ صحافی برکھا دت نے صورتحال کو بحرانی قرار دیا۔ادھر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سید علی گیلانی کے بیان کے بعد او آئی سی سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔ سید علی گیلانی نے مقبوضہ کشمیر میںبھارتی جارحیت پر ایس او ایس کال دی ہے اور کشمیریوں کی نسل کشی کے خطرے کا اظہار کیا شاہ محمود قریشی جنرل سیکرٹری او آئی سی کو کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کریں گے انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی اخلاقی معاونت جاری رکھے گا بھارت اس وقت بوکھلاہٹ کا شکار ہے امریکی صدر کی ثالثی کی یہ پیشکش پربھارت آگے نہیں بڑھ رہا۔