مزید 7 روز ریمانڈ، نیب پراسیکیوٹر، حمزہ شہباز کے وکیل میں تلخ کلامی

Aug 04, 2019

لاہور (اپنے نامہ نگار سے ) احتساب عدالت نے اثاثہ جات کیس میں حمزہ شہباز کومزید7روزہ جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کر دیا ہے۔ عدالت میں موجود ایک شہری نے سماعت کے دوران حمزہ شہباز کی طرف دیکھ کر بلند آواز میں کہنا شروع کر دیا کہ باپ بیٹا ملک کو لوٹ کر کھا گئے، دوران سماعت حمزہ شہباز کے وکیل اور نیب پراسیکیوٹر کے دوران تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا حمزہ شہباز سے تحقیقات میں مزیددو بے نامی کمپنیاں سامنے آئی ہیں، جعلی ٹی ٹیز کے ذریعے حمزہ شہباز کی فیملی نے جائیدادیں خریدیں، اسی رقم سے سٹیل ری رولنگ ملز کے لئے 187کنال اراضی خریدی گئی۔ حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز نے مزید جسمانی ریمانڈ کی مخالفت میں موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز نیب کی تحویل میں پہلے ہی 52 روزہ جسمانی ریمانڈ کاٹ چکے ہیں۔ حمزہ شہباز شریف نے کمرہ عدالت کے باہر چیئرمین سینٹ کے معاملے پر صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ ہوئی یا نہیں اسکے متعلق کمیٹی بنا دی گئی ہے سینٹ کے الیکشن کے متعلق فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی ہی فیصلہ کرے گی ہم اس بات کا جائزہ بھی لے رہے ہیں کہ 64 میں سے 50 سینٹرز کیسے ووٹ ڈالنے والے باقی رہ گئے مہنگائی کا جن انکی نیتوں کی وجہ سے با قابو ہوا ہے عمران نیازی کبھی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن نہیں کر سکتا ۔

مزیدخبریں