نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ + آن لائن) بھارتی کانگریس جموں وکشمیر پالیسی پلاننگ گروپ نے مقبوضہ کشمیر میں خوف کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اجلاس کی صدارت من موہن سنگھ نے کی۔ گروپ نے کہا کہ وزارت داخلہ اور مقبوضہ کشمیر حکومت کے اقدامات تشویشناک ہیں۔ مودی سرکار کے ارادوں سے متعلق خدشات پیدا ہو رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں عدم تحفظ اور خوف کا ماحول پیدا ہو رہا ہے۔ حکومت کوئی ایسا فیصلہ نہ کرے جس سے بحران مزید پیچیدہ ہو جائے۔ حکمران پارٹی کی غلط پالیسیوں اور جموں و کشمیر کے بارے میں بھارتی آئین کے آرٹیکل 35A اور آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کے حکومتی ارادوں کے بارے میں جموں و کشمیرمیں وسیع پیمانے پر پیدا ہونے والے خوف و ہراس اور خدشات پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تمام اقدامات جموں و کشمیر میں انتشار اور عدم تحفظ کا ماحول پیدا کر رہے ہیں۔ دہلی سرکار کے اقدامات سے جموں وکشمیر میں ماحول انتہائی کشیدہ ہوتا جارہا ہے جس کادہلی سرکار کو سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیئے۔اجلاس میں کہا گیاکہ مرکزی حکومت کی کشمیر کے بارے میں پالیسی اور اقدامات سے سیاحوں اور عام شہریوں میں انتہائی خوف پایا جاتا ہے اس لیے کشمیر میں بڑھتے ہوئے خوف اور شہریوں میں عدم تحفظ کا نوٹس لیتے ہوئے کانگریس پارٹی کا کشمیر پالیسی پلاننگ گروپ حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ جموں و کشمیر میں کوئی نامناسب فیصلہ کرکے ایسا اقدام ہرگز نہ اٹھایا جائے جس سے کشمیر کے بحران میں مزید شدت آئے۔