اسلام آباد (اے پی پی)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ٹی ٹیز کی دوڑ میں بیگم صفدر اعوان بھی اپنے خاندان کے دیگرافراد سے پیچھے نہ رہی ہیں۔ ہفتہ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہل میٹل سے لاتعلقی کی دعویدار کے اکائونٹ میں اسی کمپنی سے رقوم کی منتقلی باعث شرم ہے ، انہوں نے سوال کیا کہ مریم صفدر صاحبہ اب آپ کا ضمیر کہاں ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سیاست میں ہر غیر اخلاقی اقدام کا کھرا پی ایم ایل این کی طرف جاتا ہے اور ان کے اعمال ہی ان کے سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا اور ملکی وسائل کو بے رحمی سے لوٹا، پی ایم ایل این کی قیادت نے غریب کی کٹیا اجاڑ کر ایون فیلڈ میں کییمپ لگائے۔