اسلام آباد(نیوزرپورٹر) چیئر مین کشمیر کمیٹی سید فخر امام نے وادی نیلم میں بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی اور شہری آبادی پر کلسٹر بم پھینکنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے بھارتی اشتعال انگزی کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں اور املاک کے نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی مثبت خارجہ پالیسی کی بدولت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے، عالمی برادری بھارت کی جانب سے کلسٹر ایمونیشن کے استعمال اور جنیوا کنونش کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔ سید فخر امام نے کہا کہ امریکی صدر کا ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کے کردار کو دہرانا پاکستان کی سفارتی کامیابی کا غماز ہے،مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے بھارت کو مذاکرات کی میز پر آنا ہو گا۔ چیئر مین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ بھارت کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزیاں کر کے خطے کو جنگ کی طرف لے جا رہا ہے،عالمی برادی کو کشمیریوں پر کیے جانے والے مظالم کا نوٹس لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کلسٹر ایمونیشن کا استعمال عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے عالمی برادری نوٹ لے۔