لاہور(نمائندہ سپورٹس) نمبر سات سیڈ تجربہ کار محمد آصف نے ان سیڈڈ مبشر رضا کو ہرا کر این بی پی سنوکر چیمپئن شپ جیت لی۔پہلی بار این بی پی سنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے والے مبشر رضا کو سخت مقابلے کے بعد 8-7 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔نیشنل بینک سپورٹس کمپلیکس پر سنوکر چیمپئن شپ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نیشنل بینک کے ایس ای وی پی گروپ چیف طارق جمالی نے کہا کہ جیتنے والے کھلاڑی محمد آصف کو مبارک باد دیتا ہوں اور رنر آنے والے کھلاڑی کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل بینک ہمیشہ کھیلوں کی سپورٹ کرتا رہے گا او ر خاص طور پر اسنوکر کی ترقی کے لئے کوشاں ہیں اس لیے ہم نے6 کیوئیسٹ کو ملازمت بھی فراہم کی ہے اور گذشتہ گیارہ سال سے باقاعدگی سے ہر سال ٹورنامنٹ سپانسر کرتے ہیں۔ اقبال قاسم نیشنل بینک سپورٹس کے بیک بون ہیں اور میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔عالمگیر شیخ نے کہا کہ نیشنل بینک جس طرح گیارہ سال سے رینکنگ سنوکر چیمپئن شپ کو سپانسر کررہا ہے قابل ستائش ہے، اس کے لئے میں نیشنل بینک کا شکرگزار ہوں۔اقبال قاسم نے کہا کہ سنوکر ایسوسی ایشن اور اس ٹورنامنٹ کو کامیابی سے ہم کنار کرنے والے نیشنل بینک کے آفیشلز مبارک باد کے مستحق ہیں اور تمام صحافیوں، ٹی وی اور پرنٹ میڈیا سے آئے ہوئے دوستوں کا بے حد مشکور ہوں کہ انہوں نے اس ٹورنامنٹ کی کوریج بہت ہی عمدہ انداز میں کی۔ اس موقع پراولمپئین رانا مجاہد، انٹرنیشنل ہاکی کھلاڑی ارشد حسین، انور فاروقی،عظمت اللہ خان،افشاں شکیل، عارف بھوپالی،خالد پراچہ، نوید کپاڈیا بھی موجود تھے۔آخر میں جیتنے والے کھلاڑی محمدآصف کو ٹرافی اور ایک لاکھ روپے رنراپ مبشررضا کو ٹرافی اور 40 ہزار روپے دیئے گئے۔چیمپئن شپ کی ٹوٹل پرائز منی ایک لاکھ 65 ہزار تھی۔