لاہور(سپورٹس ڈیسک )ارجنٹائن کے کپتان اور سٹار فٹبالر لیونل میسی پر فٹ بال کے بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لینے پر 3 ماہ کی پابندی عائد کردی گئی۔ لیونل میسی پر پابندی کوپا امریکہ کپ کو کرپٹ کہنے پر لگائی گئی جبکہ ان پر جنوبی امریکہ فٹ بال کنفیڈریشن کی جانب سے 50 ہزار ڈالر کا جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔بارسلونا کے فارورڈ لیونل میسی کو ارجنٹائن اور چلی کے درمیان ہونے والے مقابلے میں باہر کردیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے الزام عائد کیا کہ کپ برازیل کے لیے فکس کیا گیا۔لیونل میسی پابندی کے خلاف ایک ہفتے میں اپیل کرسکتے ہیں البتہ پابندی کے باعث وہ ارجنٹائن کے چلی، میکسیکو اور جرمنی سے ستمبر اور اکتوبر کے درمیان ہونے والے مقابلوں میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔ارجنٹائن کو سیمی فائنل میں برازیل سے شکست ہوئی تھی جس کے بعد ارجنٹائن کی فٹ بال ایسوسی ایشن نے میچ کی ریفرنگ کے حوالے سے سنجیدہ شکایات کی تھیں تاہم کونمیبل نے کوپا امریکہ پر ارجنٹائن کے الزامات بے بنیاد قرار دیے تھے۔ارجنٹائن اور چلی کے درمیان میچ کے دوران گیرے میڈل کے ساتھ تلخی پر میسی کو کھیل کے 37 ویں منٹ پر ریڈ کارڈ دکھا کر گراؤنڈ سے باہر کردیا گیا تھا۔لیونل میسی نے میچ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس کرپشن کا حصہ نہیں رہنا۔