دنیا کی خاموشی نے بھارت کو شہ دے دی,وہ معصوم کشمیریوں پر ظلم و ستم میں اضافہ کرتا جا رہا ہے:اسد عمر

Aug 04, 2019 | 14:07

ویب ڈیسک

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سابق وزیرخزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ دنیا کی خاموشی نے بھارت کو شہ دے دی ہے، عالمی برادری کے سکوت سے فائدہ اٹھا کر وہ معصوم کشمیریوں پر ظلم و ستم میں اضافہ کرتا جا رہا ہے، شہری آبادی پر کلسٹر بموں کی بارش کر کے بھارت انسانی حقوق کی پامالی کی شرمناک سطح تک جا پہنچا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو رات کی تاریکی میں بالاکوٹ پر بزدلانہ بھارتی حملے کا نوٹس لینا چاہئیے تھا، لگتا ہے اس حملے کے بعد ملنے والی رسوائی سے بھارت نے کچھ بھی سبق نہیں سیکھا۔اسد عمر نے مزید کہا کہ شہری آبادی پر کلسٹر بموں کی بارش کر کے بھارت انسانی حقوق کی پامالی کی شرمناک سطح تک جا پہنچا ہے اور وہ کشمیر میں ایک نئی شرارت کی منصوبہ بندی میں مصروف ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا بھارت کے پاگل پن کے پیچھے امریکی صدر ٹرمپ کا کشمیر کو حل طلب عالمی تنازعہ قرار دینا ہے یا افغان امن عمل سے مکمل طور پر لاتعلق ہونے نے بھارت کی مت مار دی ہے؟۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وجہ جوبھی ہو بھارتی رویہ خطے کی سلامتی اور امن خطرے میں ڈال رہا ہے، وہ 70 سال سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کچلنے کی کوششیں کر رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مسلسل ناکامی سے تنگ آکر انتہا پسند ہندو قیادت ظلم و سفاکیت کی انتہا چاہتی ہے، یہ حربے اور سارے مذموم ارادے انشااللہ خاک میں مل جائیں گے۔

مزیدخبریں