حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبودیا:پرویز ملک ‘عمران نذیر

لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ن لاہور کے صدرو رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک و جنرل سیکرٹری لاہور خواجہ عمران نذیر ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان نے کہا ہے کہ چوری کے مینڈیٹ والے حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبودیا ایک سال میں حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام رہی،سلیکٹڈ کی ناکام معاشی پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی نے عوام کو سانس ہی نہیں لینے دیا،نہ ہی حکمرانوں کو بھیک مانگنے سے فرصت ملی،اناڑی ہیں حکومت نہیں چل رہی ان سے انتقامی کارروائیوں کے سوا کچھ نہیں ہو پا رہا،کنٹینر پر کھڑے ہو عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو کنٹینر کے نیچے ہی دبا دیا ہے ۔ حکمرانوں کی نا اہلی اور نالائقیوں کی وجہ سے امن و امان کی صورت حال کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کا بھی برا حال ہے۔گذشتہ روز پارٹی آفس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم احتساب سے نہیں گھبراتے، الزام لگائیں لیکن ثبوت عوام کے سامنے رکھیں، مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ اس لئے بنایا جا رہا ہے تاکہ عوامی مسائل سے توجہ ہٹا سکیں لیکن ہم یہ سمجھتے ہیں کہ اب نیازی حکومت کا جانا ٹھہر گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حکومت کے پائوں اکھڑ چکے ہیں، اس لئے وہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، اب گلی گلی محلے محلے میںاحتجاج شرو ع ہوں گے،دمادم مست قلندرہوگا،یہ حکومت اب چند ماہ کی مہمان ہے۔

ای پیپر دی نیشن