کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے زیر انتظام قربانی کی آلائشوں کواٹھانے کا عمل جاری ہے جبکہ عید کے تینوں دن مجموعی طور پر تقریباً51312 ٹن آلائشیں مدفون کی گئیں یہ تعداد شام4 بجے تک موصول ہوئی ہیں جبکہ آپریشن رات تک جاری رہے گا جس میں آلائشوں سے متعلق شکایات کا ازالہ بھی کیا جائے گا اور رات تک تمام کلیکشن پوائنٹ صاف کرکے چونے کا چھڑکائو اور جراثیم کش ادویات کی اسپرے مہم یقینی بنایا جائے گا۔ دیگر تفصیلات میں قرآن کی آلائشوں کو محفوظ طریقے سے مدفون کرنے کے لئے لینڈ فل سائٹس جام چاکرو‘ گوند پاس شرافی گوٹھ اور کورنگی پر ٹرنچز بنائی گئی ہیں۔ دریں اثناء ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کاشف گلزار شیخ نے لینڈ فل سائٹس کلیکشن پوائنٹس اور علاقوں کے دورے کرکے آلائشوں کو اٹھانے اور دیگر امور کا جائزہ لیا۔ دیگر تفصیلات کے مطابق ضلع جنوبی سے 11475 ٹن ضلع شرقی سے 10741 ٹن‘ ضلع ملیر سے 4691 ٹن‘ ضلع وسطی سے 10389 ٹن‘ ضلع کورنگی سے 5004 ٹن اور ضلع غربی سے 9012 ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں اس کے علاوہ علاقوں میں چونے کا چھڑکائو اور جراثیم کش ادویات کا اسپرے بھی ساتھ ساتھ جاری ہے۔ آلائشوں کو ایک جگہ جمع کرنے کے لئے 85 کلیکشن پوائنٹس بنائے گئے تھے جہاں سے ڈمپر لوڈر‘ ٹرک کے ذریعے بروقت آلائشوں کو لینڈ فل سائٹ ٹرنچز میں منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ تین روز میں مرکز شکایات پر موصول ہونے والی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا گیا جس کی تفصیلات میں223 شکایات مجموعی طور پر تین روز کے دوران موصول ہوئیں جس میں سے 85 فیصد شکایات کا فوری ازالہ کیا گیا جبکہ دیگر پر کام جاری ہے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے تحت عید کے تیسرے دن بھی آلائشیں اٹھانے اور صفائی کا کام رات تک جاری رہے گا۔ دریں اثناء ہر ڈسٹرکٹ میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران نے مانیٹرنگ کا عمل شفافا رکھا جس کی وجہ سے عوام کو ریلیف ملا اور بہتر نتائج سامنے آئے۔
51312 ٹن آلائشیں مدفون کی گئیں
Aug 04, 2020