اسلام آباد+ لاہور (وقائع نگار خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی نمائندہ ) پاکستان میں کرونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور عید کے موقع پر کیسز کی تعداد میں کمی نے مستقبل کے لیے امید کی کرن پیدا کردی ہے۔ اب تک کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار 281 ہوگئی ہے جس میں سے 5 ہزار 992 انتقال کرگئے ہیں جبکہ 2 لاکھ 48 ہزار 873 صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔ 3 اگست ملک میں کرونا وائرس کے مزید 424 نئے کیسز اور 15 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 296 افراد شفایاب بھی ہوگئے۔ واضح رہے کہ ملک میں کرونا وائرس چھٹے ماہ میں داخل ہوچکا ہے۔ صوبہ سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 219 نئے کیسز اور 2 اموات کا اضافہ ہوا۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 21 ہزار 705 ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں اموات 2 ہزار 226 تک پہنچ گئی۔ صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 24 نئے کیسز اور 4 اموات رپورٹ ہوئیں۔ مجموعی کیسز کی تعداد 93 ہزار 197 ہوگئی۔ مجموعی اموات 2 ہزار 148 تک پہنچ گئیں۔خیبرپختونخوا میں کرونا وائرس سے مزید 30 افراد متاثر ہوئے اور 6 اموات کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔ کیسز کی مجموعی تعداد 34 ہزار 253 جبکہ اموات کی تعداد ایک ہزار 208 ہوچکی ہے۔بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے مزید 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ صوبے میں 246 ٹیسٹ کیے گئے جبکہ کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔ کیسز کی مجموعی تعداد 11 ہزار 777 ہے جبکہ اموات کی تعداد 136 ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس نے مزید 24 افراد کو متاثر کیا۔ مجموعی کیسز 15 ہزار 76 تک پہنچ گئے۔گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کے مزید 23 کیسز رپورٹ ہوئے۔ مجموعی تعدا 2 ہزار 180 تک پہنچ گئی۔ آزاد کشمیر میں مزید 7 کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔ مجموعی کیس 2 ہزار 93 تک پہنچ گئی۔ اموات 54 ہوگئیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 296 مریض شفایاب ہوگئے۔ عالمی وبا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 48 ہزار 873 ہوگئی جو مجموعی کیسز کا 88 فیصد سے زائد ہے۔ این سی او سی کے مطابق ملک بھر کے ہسپتالوں میں 213 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں جبکہ ہسپتالوں میں کرونا وینٹی لیٹرز کی تعداد ایک ہزار 859 ہے۔ اس وقت ایک ہزار 595 مریض ہسپتالوں میں داخل ہیں۔ ملک میں کرونا ٹیسٹنگ صلاحیت یومیہ 60 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ اور 132 ٹیسٹنگ لیبارٹریز کام کر رہی ہیں۔ 30 شہروں میں ٹریس، ٹیسٹ اور قرنطینہ حکمت عملی موثر طریقے سے کام رہی ہے۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہری پور ضلع بھر میںکرونا کاکوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔ ایکٹوکیسزکی تعداد19رہ گئی۔ متاثرہ مریضوںکی تعداد 609 ڈاکٹر ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر حسنین رضا ترابی کا کہنا ہے کہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 577۔ حکومت پنجاب نے لاک ڈاؤن 5 اگست کی بجائے دو روز قبل آج رات 12 بجے ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کیپٹن (ر) محمد عثمان کی جانب سے فیصلے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدام کرونا کیسز میں نمایاں کمی پر کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مویشی منڈیوں سے لیے گئے سمارٹ سیمپلز کے نتائج حوصلہ افزا آنے اور عید پر مارکیٹوں کی بندش سے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے امکانات کم ہونے پر فیصلہ کیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 5 اگست کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اجتماع کی اجازت ہوگی۔ متعلقہ ادارے کشمیر ریلی کے دوران سماجی فاصلہ اور دیگر تمام ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔ تعلیمی ادارے، شادی ہال، ریسٹورنٹ، پارک اور سینما ہال بدستور بند رہیں گے۔ سماجی اور مذہبی اجتماعات، کھیل کی سرگرمیوں کے لیے اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام کاروباری مقامات صبح 9 سے شام 7 بجے تک، سوموار تا جمعہ کھلے رہیں گے۔ میڈیکل سٹور، پنکچر شاپ، آٹا چکی تندور، زرعی ورکشاپس 24 گھنٹے کھلی رکھنے کی اجازت ہوگی۔کال سنٹرز کو 50 فیصد سٹاف کے ساتھ کھلا رکھنے جبکہ اس کے علاوہ بین الاضلاع ٹرانسپورٹ 24 گھنٹے چلنے کی اجازت ہو گی۔ گروسری اور کریانہ سٹور صبح 9 سے شام 7 تک ہفتہ بھر کھلے رہیں گے۔ چرچ صرف اتوار کو صبح 7 سے شام 5 بجے تک عبادت کے لیے کھلے رہیں گے۔ نوٹیفکیشن کا اطلاق فی الفور ہو گا اور 17 اگست تک نافذ العمل رہے گا۔یورپی ملک کوسووا کے وزیر اعظم آود اللہ ہوتی نے چند علامتیں ظاہر ہونے اپنا کرونا ٹیسٹ کرایا جو کہ مثبت آیا ہے۔ عالمی میڈیا کے مطابق بھی کوسووا کے وزیراعظم نے کھانسی اور دیگر علامتیں ظاہر ہونے پر اپنا کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا جو کہ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو 14 دنوں کے لیے گھر پر قرنطینہ کرلیا ہے۔ تاہم اس دوران وہ فرائض منصبی آن لائن ادا کرتے رہیں گے۔
کرونا: مزید 15 اموات، نئے کیس 424، پنجاب میں لاک ڈاؤن 2روز پہلے ختم
Aug 04, 2020