کروناکا پھیلائو‘ کویت نے پاکستان سمیت 31ممالک کیلئے کمرشل فلائٹس پر پابندی لگا دی

کویٹ سٹی (صباح نیوز)کویت نے کورونا وائرس کے پھیلا وکے باعث پاکستان سمیت 31 ممالک کے لیے کمرشل فلائٹس پر پابندی عائد کردی۔کویت نے ان ممالک کو وبا کے پھیلا وکے حوالے سے 'بڑا خطرہ' قرار دیتے ہوئے ان پر پابندی عائد کی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کویت کے ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن نے کہا کہ یہ پابندی غیر معینہ مدت تک عائد رہے گی۔پاکستان کے علاوہ کویت نے جن ممالک کے کمرشل فلائٹس پر پابندی عائد کی ہے ان میں بھارت، مصر، فلپائن، لبنان اور سری لنکا بھی شامل ہیں جن کے بڑی تعداد میں شہری کویت میں روزگار کی غرض سے مقیم ہیں۔اس پابندی کا اعلان عین اسی دن کیا گیا جس روز کویت نے کمرشل فلائٹس جزوی بحال کی۔انتظامیہ نے کہا تھا کہ کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو ہفتہ سے اس کی 30 فیصد صلاحیت پر چلایا جائے گا، جس میں آنے والے مہینوں میں اضافہ کیا جائے گا۔کویت میں کورونا وائرس کے 67 ہزار سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 400 سے زائد اموات واقع ہوچکی ہیں۔مشرق وسطی کے ملک نے کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام کے لیے عائد پابندی کو آہستہ آہستہ اٹھانے کے لیے جون کے اوائل میں پانچ مراحل پر مشتمل منصوبے کا آغاز کیا تھا۔جون میں متحدہ عرب امارات کی تین ایئرلائنز ایمیریٹس، اتحاد اور فلائی دبئی نے بڑی تعداد میں کورونا کے مثبت نتائج والے مسافروں کے سامنے آنے کے بعد پاکستان کے لیے فلائٹ آپریشنز کو معطل کردیا تھا۔ایمیریٹس نے ہانگ کانگ جانے والے 30 پاکستانی مسافروں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد یہاں کے لیے فلائٹ آپریشنز یہ کہہ کر معطل کردیا تھا کہ ایئرلائن، متعدد انتظامیہ سے قریبی رابطے میں ہے اور پاکستان کے لیے سروسز کی بحالی سے قبل فریقین کو مطمئن کرنے کے لیے مطلوبہ اضافی اقدامات کا جائزہ اور اس پر عملدرآمد کرے گی۔

ای پیپر دی نیشن