ریاض (نیٹ نیوز) حج کے دوران ایسی تصویرمنظرعام پرآئی جس میں مطافِ کعبہ میں تنہا خاتون عبادت میں مصروف عمل ہے جو کسی معجزے سے کم نہیں۔کرونا وبا کے باعث رواں سال علامتی حج کیا گیا اوراس دوران دلچسپ و منفرد مناظرعکس بند ہوئے جوعام حج میں ناممکن ہوتے ہیں جہاں ہرجگہ ایک جم غفیرنظرآتا ہے۔ کچھ ایسی تصاویر بھی سامنے آئیں جنہیں دیکھ کر ہر مسلمان کے دل میں چاہ پیدا ہوئی اس کوبھی یہ پرسکون لمحات نصیب ہوں۔ اسی طرح حج کے دوران لی گئی ایک ایسی تصویر وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک خاتون کو دنیا کی خوش قسمت ترین خاتون قرار دیا جارہا ہے۔ تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون خانہ کعبہ کے سامنے اکیلی عبادت میں مصروف ہیں۔ ایسے منفرد لمحات حضرت آدم علیہ السلام کے روئے زمین پرآنے کے بعد شاذونادر ہی رونما ہوئے ہیں کہ کسی مومن نے تنہا کعبہ کا طواف کیا ہو۔ فریضہ حج کی ادائیگی اور طواف افاضہ کے بعد مسجد حرام، صحن مطاف اور مسجد کے بیرونی احاطے کی جراثیم کش مواد سے صفائی اور طہارت کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ الحرمین الشریفین جنرل پریزیڈینسی کے چیئرمین ڈاکٹرعبدالرحمان السدیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اللہ کے گھر اور مسجد حرام کو طواف افاضہ کے بعد جراثیم سے پاک کیا گیا ہے۔ اس کام میں مسجد کے صفائی کے ذمہ دار عملے نے غیر معمولی خدمات انجام دیں اور مسجد کی طہارت کے لیے ماحول دوست اور بہترین معیار کا سینیٹائزر استعمال کیا گیا۔ مسجد حرام کو کرونا وبا کی وجہ سے احتیاطا روزانہ 10 بار صاف کیا جاتا ہے۔