شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ، عمران کو ہٹانے کیلئے اپوزیشن کا کردار ناگزیر: بلاول

Aug 04, 2020

کراچی (نمائند ہ خصوصی) بلاول بھٹو زرداری اور شہبازشریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی۔ ملکی سیاسی صورتحال پر بھی بات کی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ملکی تاریخ میں اتنی کرپشن نہیں ہوئی جتنی عمران خان کے دور میں ہوئی ہے۔ کرونا کے اعدادو شمار کو چھپا کر عوام کی زندگیوں سے کھیلا جا رہا ہے۔ مہنگائی نے عوام کا جینا مشکل کر دیا۔ اپوزیشن عوام کی امیدوں کا مرکز ہے۔ ملک کو نااہل عمران خان سے بچانے کیلئے اپوزیشن کا غیر معمولی کردار ناگزیر ہے۔ اے پی سی کے اہم تاریخی فیصلے مستقبل پر اہم اثرات مرتب کریں گے۔ شہباز شریف نے بلاول بھٹو کی گفتگو سے اتفاق کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہباز شریف کو عیدالاضحٰی کی مبارک باد دی۔ چیئرمین بلاول اور شہباز شریف کا مسئلہ کشمیر پر حکومتی ناکامیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت کشمیریوں پر ظلم کررہا ہے اور عمران کلبھوشن کو ریلیف پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔شہباز شریف نے مسئلہ کشمیر پر قومی مشاورتی کانفرنس کے معاملہ پر جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ ذرائع ک مطابق شہباز شریف نے فضل الرحمن کو قومی مشاورتی کانفرنس میں شرکت پر آماد کرنے کی کوشش کی۔ تاہم مولانا فضل الرحمن نے کانفرنس میں شرکت سے معذرت کر لی اور جواب دیا کہ نااہل حکومت نے کشمیر کا سودا کیا ہے۔ جے یو آئی ف حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے۔

مزیدخبریں