عید پر ایل او سی کا دورہ، دشمن پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے، جارحیت کا منہ توڑ جواب دینگے: قمر باجوہ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ عید الاضحیٰ کے پہلے روز لائن آف کنٹرول پہنچ گئے۔ اگلے مورچوں پر تعینات افسروں اور جوانوں کے ساتھ عید مناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم دشمن کے ان عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں جن کا مقصد پاکستان اور اس خطہ کو عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے۔ پاک فوج ایسی کسی بھی کھلی یا خفیہ کوشش کو ناکام بنانے کی بھرپور استعداد رکھتی ہے اور مکمل تیار ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف عید الاضحیٰ کے پہلے روز کنٹرول لائن پر پہنچے، جہاں انہوں نے اگلے مورچوں پر تعینات افسروں اور جوانوں کے ساتھ عید گزاری۔ ان کی عمدہ حربی تیاری، اعلیٰ مورال اور کنٹرول لائن پر مکمل چوکسی کی تعریف کی۔ اپنے خطاب کے دوران آرمی چیف نے کہا کہ عیدالاضحی غیر مشروط قربانی کا درس دیتی ہے۔ ایک سپاہی سے زیادہ قربانی کے اس سبق کو کوئی نہیں سمجھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے جو جرات اور بہادری سے بھارتی ظلم و بربریت کا سامنا کر رہے ہیں۔ کشمیری تمام تر رکاوٹوں کے باجود اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے کوشاں ہیں۔ بعدازاں آرمی چیف نے اے ایف آئی سی اور این آئی ایچ ڈی کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے نیپ کارڈ کا سنگ بنیاد رکھا۔ نیپ کارڈ میں امراض قلب پر جدید خطوط کے مطابق ریسرچ کی جائے گی۔ اس موقع پرآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اے ایف آئی سی اور این آئی ایچ ڈی قومی سطح پر معیاری طبی سہولیات فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وباء کی روک تھام میں ڈاکٹر اور ہیلتھ کیئر ورکرز فرنٹ لائن سپاہی ہیں۔ اے ایف آئی سی آمد پر ایڈجوٹنٹ جنرل لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر اور سرجن جنرل لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...