اسلام آباد‘ لاہور (نامہ نگار‘ سٹی رپورٹر‘ نوائے وقت رپورٹ‘ آئی این پی) ملک بھر میں کرونا وائرس سے مزید 67 افراد جاں بحق ہونے کے بعد اموات کی تعداد 23 ہزار 529 ہوگئی۔ پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10 لاکھ 43 ہزار 277 ہوگئی۔ منگل کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 582 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر اسد عمر نے کہا ہے کہ ایک روز میں 10 لاکھ افراد کی ویکسی نیشن کا ہدف عبور کرلیا۔ کل 10 لاکھ 72 ہزار افراد کی ویکسی نیشن کی گئی۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وفاقی اداروں کے تعاون سے ریکارڈ ویکسی نیشن ہو رہی ہے، پنجاب، سندھ، خیبر پی کے، اسلام آباد میں ریکارڈ ویکسی نیشن ہوئی۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی 50 فیصد آبادی کو ویکسین کی ایک خوراک لگائی جا چکی۔ لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 652 کیسز جبکہ16 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ صوبہ بھر میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور ڈیلٹا وئرینٹ کی خطرہ کے پیش نظر پنجاب کے 4 منتخب اضلاع میں لاک ڈاؤن نافذکر دیا گیا ہے۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ سارہ اسلم نے این سی او سی اور حکومت اور لاک ڈاؤن کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا ہے۔این سی او سی کے مطابق موڈرنا ویکسین عام شہریوں کو لگائی جا سکتی ہے اور یہ ویکسین 16 سال سے زائد عمر کے طلبہ کو بھی لگائی جا سکتی ہے۔ موڈرنا ویکسین حاملہ خواتین کو بھی لگائی جا سکتی ہے۔ سی اے اے کے مطابق 9 اگست سے پاکستان آنے والے 6 سال کے بچوں کی بھی کرونا ٹیسٹ رپورٹ لازمی قرار دے دی گئی ہے۔ تاہم کرونا وائرس مثبت آنے پر 12 سال کی عمر کے مسافروں کو محکمہ صحت کے قرنطینہ سینٹر میں قرنطینہ کرنا ہوگا۔ 9 اگست سے نئے احکامات پر عملدرآمد شروع ہوگا۔ چین سے 12 لاکھ کین سائنو ویکسین اسلام آباد پہنچی۔
مزید ایک نوجوان شہید،کل یوم سیاہ ،مکمل،ہڑتال ہو گی
Aug 04, 2021