بلوچستان سینٹرل ایشیاء تک رسائی کا بہترین ذریعہ ہے،صدر عارف علوی

کوئٹہ (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاک چائنا اقتصادی راہداری کے حوالے سے گوادر کو خصوصی اہمیت حاصل ہے. جغرافیائی اعتبار سے بلوچستان سینٹرل ایشیاء تک رسائی کا بہترین ذریعہ ہے جس سے وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ معاشی اور تجارتی مواقع بڑھانے کے روشن امکانات ہیں. صدر مملکت نے کہا کہ سی پیک کے پیش نظر ہمیں نئی نسل کو جدید مہارتیں سکھانے پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی. ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ھاوس کوئٹہ میں پارلیمینٹرینز کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان بھی موجود تھے. ملاقات کے دوران صوبے کی مجموعی امن اومان کی صورتحال ،جاری ترقیاتی منصوبے، سرحدی تجارت، بارڈر مارکیٹس کے قیام، لینڈ ڈیجٹلائزیشن مینجمنٹ ، نئے لیبر قوانین، صوبے میں سیاحت کے فروغ اور خطے میں رونما ہونیوالی معاشی اور سیاسی تبدیلیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا. پارلیمٹرینز سے بات چیت کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان میں زراعت، ماہی گیری اور لائیوسٹاک کی ترقی کے بھرپور مواقع موجود ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم درست سمت میں اقدامات اٹھائیں اور دستیاب آبی وسائل کے محتاط استعمال کو یقینی بنایا جائے. گورنر بلوچستاں سید ظہور آغا نے صدر مملکت کو چمن اور تفتان بارڈ ٹریڈز کے حوالے سے مقامی تاجروں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی وباء کویڈ 19 اور بارڈر فینسنگ سے براہ راست متاثر ہو رہے ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ موجودہ ہر قسم کی تجارت کی بحالی اور تاجروں کیلئے نئے مواقع پیدا کرنے کے اقدامات اٹھائے جائیں. وزیر اعلیٰ جام کمال خان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو حکومتی اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پہلی بار پی ایف ایم ایکٹ کا نفاذ عمل میں لایا گیا ہے نوجوانوں کیلئے بلوچستان ہنرمند پروگرام کا آغاز کیا جا چکا ہے. لیویز فورس اور سی ٹی ڈی کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ خواتین کا پہلا سمارٹ پولیس اسٹیشن قائم کیا گیا ہے. صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں. کوسٹل ہائی وے پر 9 ریسٹ ایریاز تعمیر کئے جائیں گے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ رواں سالانہ ترقیاتی پروگرام میں پہلی دفعہ ماڈل بورڈنگ ھائی سکول کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے. ملاقات میں این ایف سی ایوارڈ اور احساس پروگرام سمیت ریونیو پوٹینشل ایریاز سے متعلق بھی صدر مملکت کو آگاہ کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن