لاہور (نیوز پورٹر) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے منشور میں تعلیم، ٹیکنالوجی اور تحقیق اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ پی ٹی آئی تعلیمی اداروں میں اصلاحات لاکر انہیں دنیا بھر کے اداروں کے ہم پلہ بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ سالانہ ترقیاتی فنڈز میں ہر ضلع کی سطح پرنہ صرف کالجز بلکہ یونیورسٹیز کے دائرہ کار کو وسیع کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ہائرایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ن سے ش نے نکلنا ہے۔ ن اور ش میں گھمسان کی جنگ جاری ہے اور اس میں م پھپھے کٹنی کا کردار ادا کر رہی ہے۔ قیادت سے متنفر ووٹرز نے سیالکوٹ کے الیکشن میں انہیں مسترد کر دیا۔ لوگ ان کی کھینچا تانی سے تنگ آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ سے عوام کی نفرت کا اظہار ہر حلقے میں نظر آ رہا ہے۔ جعلی راجکماری شرمندگی سے بچنے کیلئے قرنطینہ ہوگئی ہیں۔ سیالکوٹ میں ہار کی شرمندگی کو چھپانے کیلئے دھاندلی کی آہ و پکار سنائی دے رہی ہے۔ چچا بھتیجی کا لیگ میچ چل رہا ہے جو ان کی سیاسی تباہی کا باعث بنے گا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان پر کشمیریوں کا اعتماد سب نے دیکھ لیا۔ آج کشمیر اسمبلی میں تبدیلی کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ تبدیلی کی نئی لہر کا کشمیر کے اس پار بھی فائدہ ہوگا۔ تحریک انصاف سندھ میں بھی اپنا پرچم بلند کرنے جا رہی ہے۔