اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم کی تقریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان سیاسی بصیرت سے تاحال محروم ہیں اور جمہوریت سے نفرت کرنے والی سوچ کے مہرے کے سوا کچھ نہیں۔ آصف علی زرداری کو کوئی کٹھ پتلی چیلنج نہیں کرسکتا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان کو یہ یاد نہیں رہتا کہ کل انہوں نے کیا کھایا تھا۔ کل تک تو وہ حوالہ ہنڈی کے ذریعے رقم کی منتقلی کی مارکیٹنگ کرتے رہے۔ خان صاحب بتائیں گے کہ علیمہ خان نے کب اور کس بینک کے ذریعے پیسے بیرون ملک بھیجے تھے اور ان کے وسائل کیا تھے؟ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان کی عالمی سیاست کے علم کا اندازہ جرمنی اور جاپان کی سرحدیں ملانے سے ہوتا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ نیازی صاحب آپ کے 200معیشت کے ماہرین کہاں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے اب حساب دینے کے لئے بھی تیار رہیں۔
عمران خان سیاسی بصیرت سے تاحال محروم ہیں، فیصل کریم کنڈی
Aug 04, 2021