خانیوال (سپیشل رپورٹر) بلدیہ خانیوال میں سینٹری سپروائزر کی جانب سے مبینہ جنسی ہراسانی کا شکار بلدیہ میں خاکروب کے طور پہ کام کرنے والی سلیمہ رانی مسیح نے اپنی بچیوں کے ساتھ ایک نئی ویڈیو جاری کی ویڈیو میں سلیمہ رانی مسیح نے تنبیہ کی ہے کہ اگر اْسے انصاف نہ ملا تو وہ ڈپٹی کمشنر آفس خانیوال کے سامنے اپنی بچیوں سمیت خودکشی کرلے گی۔سلیمہ بی بی نے الزام عائد کیا کہ اْسے اجمل دْکی سے صلح کرنے کے لیے اْس کی تنخواہ روک لی گئی ہے ۔ سینٹی ٹیشن انچارج قاضی فرحان نے اْس کی تنخواہ کا بل بناکر سی او بلدیہ افتخار بنگش کے پاس نہیں بھیجا، بچیوں کو فاقوں سے مارنے کی کوشش کی جارہی ہے- اس سلسلے میں سینٹری انچارج قاضی فرحان نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ کل سلیمہ رانی مسیح خاکروبہ کی تنخواہ کا بل بنالیا گیا تھا جو متعلقہ افسران سے دستخط کرواکے فنانس برانچ کو بھیج دیا جائیگا جہاں سے تنخواہ کا چیک جاری ہوجائیگا۔ دریں اثناء چیف افسر بلدیہ خانیوال افتخار بنگش نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ایکسئین بلدیہ خانیوال خالد سہو کو باقاعدہ سرکاری مراسلہ لکھ کر بلدیہ کی سینی ٹیشن برانچ میں ملازم خاکروبہ سلیمہ رانی مسیح اور سینٹری سْپروائزر اجمل دْکی خان ڈاہا کے درمیان ہوئے جھگڑے کی انکوائری کرنے کا کہا ہے- اْن کا کہنا تھا کہ سلیمہ رانی بی بی نے اْن کو جنسی ہراسانی بارے کوئی تحریری درخواست نہیں دی لیکن سْپروائزر سینٹری برانچ کی جانب سے سلیمہ رانی بی بی کو غیر حاضری پہ شوکاز نوٹس جاری ہونے پہ وہ میرے سامنے پیش ہوئی تھی اور زبانی اپنے ساتھ سینٹری سْپروائزر اجمل دْکی خان ڈاہا کی بدسلوکی بارے بتایا تھا- اس پہ انہوں نے ایکسئین بلدیہ خانیوال کو مراسلہ لکھا- انہوں نے کہا کہ انہوں نے سلیمہ رانی مسیح بی بی پہ اجمل دْکی سے صلح کے لیے کوئی دباؤ نہیں ڈالا- ایکسئین بلدیہ خانیوال خالد سہو نے بتایا کہ سی او بلدیہ خانیوال سے موصول مراسلہ ملا ہے جس میں "جنسی ہراسانی" کے الزام کا کوئی زکر نہیں ہے بلکہ سینی ٹیشن کے دو ملازمین کے درمیان جھگڑے کی انکوائری کرنے کو کہا گیا ہے- انہوں نے کہا کہ سلیمہ رانی بی بی کی طرف سے اگر جنسی ہراسانی کی انکوائری کا کہا گیا تو پھر وہ ڈی سی خانیوال آغا ظہیر عباس شیرازی کو اس معاملیپر تین رْکنی کمیٹی بنانے کو کہیں گے جس کی سربراہ خاتون افسر مقرر کی جائے ۔ جنسی ہراسانی کی متاثرہ سلیمہ رانی مسیح بی بی نے روزنامہ نوائے وقت کے پوچھنے پہ بتایا کہ اْسے بلدیہ خانیوال کے کسی افسر نے اْس کی شکایت پہ کسی بھی قسم کی کمیٹی بنانے کی اطلاع نہیں دی ہے۔