حافظ آباد: امتحانی سنٹروں میں بجلی باربار بند، امیدواروںکا گرمی سے برا حال

Aug 04, 2021

حافظ آباد(عبدالخالق کھوکھر) گوجرانوالہ بورڈ کی جانب سے ضلع بھر میں میٹرک کے امتحانات کے لئے قائم امتحانی سنٹروں میں بجلی کی باربار بندش نے امیدواروںکا شدید گرمی اور حبس میں برا حال کردیا اکثر پسینے میں شرابور اور جوابی کاپیوں سے خود کو ہوا دیتے ہوئے نظر آئے۔ متاثرہ طلبہ کے والدین اور اساتذہ راہنمائوں نے متحدہ محاذ اساتذہ کے چیئرمین ریاض احمد تارڑ کی قیادت میں شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ حافظ آبا د کے ایک ایک امتحانی سنٹر میں تین تین سو سے زائد طلبہ وطالبات امتحان دے رہے ہیں لیکن گیپکوکی جانب سے باربار بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے نہ صر ف طلبہ وطالبات نڈھال ہورہے ہیں بلکہ انہیںپیپرز حل کرنے میں بھی شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ انہوںنے ڈپٹی کمشنر رانا سلیم احمد سے مطالبہ کیا کہ امتحانی سنٹروں میں بجلی کی بندش کا سخت نوٹس لیکر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کو اور بجلی کی بندش کو ختم کروایا جائے وگرنہ طلبہ وطالبات اور والدین احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

مزیدخبریں