کراچی (کامرس رپورٹر)بینکنگ انڈسٹری کے معروف مالیاتی ادارے جے ایس بینک نے سرفہرست تعمیراتی کمپنی اعمار (Emaar) کے ساتھ اشتراک سے صارفین کو آسان مارک اپ ریٹ پر ہاؤسنگ فنانس کی سہولت فراہم کردی۔اس اشتراک سے اعمار کے صارفین جے ایس بینک کی جانب سے فراہم کی جانے والی ہوم فنانسنگ کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اس سلسلے میں ہونے والے معاہدے پر جے ایس بینک کے صدر و سی ای او باصر شمسی اور اعمارکے سی ای او سہیل بیگ نے دستخط کئے۔ اس موقع پر جے ایس بینک کی جانب سے چیف پروڈکٹ اینڈ مارکیٹنگ آفیسر عاطف سلیم ملک، ہیڈ آف سکیورڈ لینڈنگ فہد صدیقی، ڈسٹری بیوشن ہیڈ کنزیومر لینڈنگ ذوالفقار لہری اور دیگر نمائندے شامل تھے۔ جبکہ اعمارکی جانب سے محمد علی بیگ، محمد حارث خان، باسم علی خان اور عاکف ملک موجود تھے۔ تقریب سے خطاب میں جے ایس بینک کے صدر و سی ای او باصر شمسی نے کہا کہ اعمارکے ساتھ شراکت داری سے ممکنہ خریداروں کیلئے ہوم فنانسنگ کی ون ونڈو سہولت دستیاب ہوگی۔ ہم ڈویلپرز کے ساتھ براہ راست اشتراک سے مارگیج کے طریقہ کار میں جدت لاتے ہوئے صارفین کو آسان اور بغیر کسی پریشانی کے مطلوبہ جائیداد پر با آسانی قرضہ حاصل کر نے کی سہولت فراہم کر سکتے ہیں۔ اعمار کے سی ای او سہیل بیگ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جے ایس بینک کے ساتھ اشتراک پر خوشی ہے ، اس اشتراک سے خصوصی طور پر اعمار کراچی کے ساحل سمندر پر رہائشی منصوبے میں ہوم فنانسنگ کی سہولت فراہم کی جاسکے گی۔ یہ معاہدہ ہمارے موجودہ اور مستقبل کے منصوبوں میں صارفین کیلئے فنانسنگ کی راہ ہموار کرے گا۔ ہم اپنے صارفین کو نئے مواقع تلاش کرتے ہوئے مزید بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔ جے ایس بینک نے یہ اقدام موجودہ خریداروں کو لچکدار قرضوں کی سہولت فراہم کرنے کیلئے اٹھایا ہے، جس سے ان کیلئے جائیداد کی مالیت کا 90فیصد تک قرض لینا ممکن ہو سکے گا اور یوں وہ لوگ بھی اپنا ذاتی گھر بنانے کا خواب پورا کر سکیں گے جو مالی طور پر اس کی استطاعت نہیں رکھتے۔