پی جی ایم آئی / ایل جی ایچ:4 مزید پروفیسرز کی شمولیت، چارج سنبھال لیا

پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ،امیر الدین میڈیکل کالج کی فیکلٹی اور لاہور جنرل ہسپتال کے معالجین کی صف میں مزید4پروفیسرز شامل ہو گئے ہیں جن کی شمولیت سے میڈیکل ایجوکیشن کے مواقع میں اضافہ اور ایل جی ایچ میں مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے نئے تجربہ کار سینئر ڈاکٹرز کی خدمات میسر آئیں گی اور ان تینوں اداروں کا معیار پہلے سے بھی زیادہ بلند ہوگا۔ ادارے کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے ان پروفیسرز کی تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہر رشید پروفیسرآف ای این ٹی،ڈاکٹر طیبہ گل ملک پروفیسر آف امراض چشم، ڈاکٹر خضر حیات پروفیسر آف یورالوجی اور ڈاکٹر محمدفہیم افضل پروفیسر آف پیڈریاٹک میڈیسن کے آنے سے مذکورہ شعبہ جات مزید مستحکم ہوں گے اور اُن کے وسیع تجربہ سے میڈیکل کے طلبا کو بھی استفادہ کرنے کا موقع ملے گا جبکہ مریضوں کو بھی معیاری سہولیات اور سینئر ڈاکٹرز کی زیر نگرانی مدد ملے گی۔
پروفیسر الفرید ظفرنے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ جب سے محکمہ صحت کی باگ دوڑ وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے سنبھالی ہے تب سے ترقیوں کے منتظر ڈاکٹر صاحبان کی اگلے گریڈوں میں تیزی سے پرموشن ہو رہی ہے جس کی وجہ سے میڈیکل کالجز کی فیکلٹی مضبوط ہونے کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں میں سینئر ڈاکٹرز زیادہ تعداد میں دستیاب ہو رہے ہیں۔ پرنسپل پی جی ایم آ ئی نے کہا کہ اگر وزیر کا تعلق اپنے شعبہ سے ہو تووہ اپنے متعلقہ شعبے کو زیادہ موثرانداز میں چلا سکتا ہے اور تمام شعبہ جات ترقی کی راہ پر گامزن رہتے ہیں جس کی شاندار مثال وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی لیڈرشپ ہے اورصحت کے شعبے میں ہونے والی اعلیٰ کارکردگی بھی اس کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب میں وزیر صحت ہیلتھ سیکٹر سے نہ ہوتی تو شائد ہمیں کورونا جیسی خطرناک وبا پر موثر روک تھام کرنے میں اس قدر شاندار کامیابی حاصل نہ ہوتی۔ پروفیسر الفرید نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ہیلتھ ویژن اور وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب میں نئے ہسپتالوں کی تعمیر،ڈاکٹرز و نرسز سمیت دیگر عملے کی بھرتی سے شہریوں کو کوالٹی ہیلتھ کئیر میسر آئے گی۔اور کئی خاننداروں کو بھی روزگار کے مواقع ملیں گے جبکہ شہریوں کو بھی علاج معالجے کی بہتر سے بہتر سہولتیں ملیں گی۔

ای پیپر دی نیشن