بیجنگ‘ تائی پی (اے پی پی+ شہنوا) چین نے امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پیلوسی کے دورہ تائیوان پر بیجنگ میں تعینات امریکی سفیر نکولس برنز کو طلب کر کے احتجاج کیا ہے۔ چین کے نائب وزیر خارجہ ژی فینگ نے کہا کہ نینسی پلوسی جان بوجھ کر اشتعال انگیزی کر رہی ہیں‘ چین کبھی خاموش نہیں بیٹھے گا کیونکہ یہ دورہ ون چائنا اصول اور تین عدد چین امریکا مشترکہ اعلامیوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ چین۔امریکا تعلقات کی سیاسی بنیاد کو کمزور کرنے کے ساتھ ساتھ چین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے۔ باہمی تعلقات کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو اپنی غلطیوں کی قیمت ادا کرنا ہوگی، چین جوابی اقدامات کرے گا، اور ہم وہی کریں گے جو ہم کہیں گے۔ دریں اثنا انہوں نے واشنگٹن پر زور دیا کہ وہ نینسی پلوسی کے تائیوان کے دورے کے منفی اثرات کو ختم کرنے کے لیے فوری طور پر اصلاح اور عملی اقدامات کرے۔ نینسی پلوسی نے دارالحکومت تائپے میں تائیوان کی صدر سائے اِنگ وین سے ملاقات کی ہے۔ مس پلوسی نے کہا کہ امریکہ تائیوان سے اپنے تعلقات ختم نہیں کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تائیوان آزادی پسندوں کے لئے امید کی کرن ہے اور لوگوں کو جمہوریت اور آمریت میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہو گا۔ تائیوان کی صدر نے کہا کہ تائیوان امریکہ کا قابلِ اعتماد دوست ہے۔ بڑھتے فوجی خطرات کے باوجود تائیوان پیچھے نہیں ہٹے گا‘ ہم جمہوریت کیلئے دفاع کی کوششیں جاری رکھیں گے۔ چین کیخلاف بے باک مزاحمتی انداز اپناتے کہا مشکل وقت میں تائیوان کا ساتھ دینے پر نینسی پلوسی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ امریکی اعلیٰ عہدیدار نے اس سے قبل تائیوان کے ڈپٹی سپیکر سائے کائے چانگ سے بھی ملاقات کی ہے۔ ترجمان وزارت دفاع تائیوان نے الزام لگایا کہ چین کے لڑاکا طیاروں نے سرحد کے قریب پروازیں کیں۔ چین کے 27 طیارے ائیر ڈیفنس زون میں داخل ہوئے۔ بائیس طیاروں نے آبنائے تائیوان پر حفاظتی حد بندی کو عبور کیا۔ مشقوں کے دوران چینی فوجی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تائیوان کے علاقائی پانیوں میں داخل ہو رہے ہیں۔ ادھر چین نے تائیوان سے پھلوں اور مچھلیوں کی درآمد پر پابندی لگا کر جزیرے سے ریت کی ترسیل بھی روک دی۔ وائٹ ہاؤس نیشنل سکیورٹی کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ ہاؤس سپیکر نینسی پلوسی اپنی مرضی سے تائیوان کا دورہ کررہی ہیں، ان کو تائیوان کے دورے کا حق ہے۔ نینسی پلوسی کے دورے کی مکمل مانیٹرنگ کررہے ہیں، ان کی حفاظت یقینی بنائی ہے، دورہ تائیوان امریکی موقف سے مطابقت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پلوسی کے دورے کو تائیوان پر حملے کا بہانہ بنانے سے گریز کرے۔نینسی پلوسی کی تائیوان سے واپسی کے ساتھ ہی عالمی حصص منڈی میں بہتری دیکھنے میں آئی۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق نینسی پلوسی کی تائیوان سے واپسی سے چین‘ امریکہ کے درمیان بڑھتا ہوا تناؤ کم ہوا۔
چین کا امریکی سفیر سے احتجاج : نینسی پلوسی کے سا تھ ملاقات ، پیچھے نہیں ہٹیں گے : صدر تا ئیوان
Aug 04, 2022