اسلام آباد (اے پی پی) وفاق وزیر خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ چھوٹے کاروباری طبقے پر ٹیکسز کے حوالے سے مسائل کو جلد حل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں آل پاکستان انجمن تاجران کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انجمن تاجران کے وفد کی قیادت اجمل بلوچ، نعیم میر، شاہد پراچہ، ظفر اقبال صدیقی اور احتشام الحق کر رہے تھے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ تاجر ملکی معیشت کی نمو میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں اور حکومت چھوٹے کاروباری طبقہ کو درپیش مسائل کو جلد سے جلد حل کرے گی۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا حکومت مسائل کو جلد سے جلد حل کرے گی۔ انہوں نے وفد کو مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ اگست کے مہینے میں چیزیں بہتر ہو جائیں گی۔ پچھلے مہینے 35فیصد تجارتی خسارہ کم ہوا۔ مستقبل کیلئے بھی امید ہے کہ چیزیں بہتر ہوں گی۔ ڈالر کا ان فلو زیادہ اور آؤٹ فلو کم ہوا ہے۔ مارکیٹ میں بہتری آ رہی ہے اس لئے روپے کی قدر بڑھی۔ ڈالر کی قیمت ڈیمانڈ اینڈ سپلائی پر ہوتی ہے۔ ایک دوست ملک نے وعدہ کیا ہے مگر اعلان وہ ہی کریں گے۔ دوسرا دوست ملک آج یا کل کنفرم کر دے گا۔ آئی ایم ایف کو بتا دیا ہے کہ دوست ملکوں سے بات ہو گئی ہے۔ ہمارا قرضے لینے کا طریقہ سری لنکا سے بہت مختلف ہے۔ کوئی چانس نہیں کہ آئی ایم ایف کا پروگرام بحال نہ ہو۔ بین الاقوامی منڈی میں اجناس کی قیمتیں کم ہونے سے برآمدات متاثر ہوئیں۔ جو اقدامات لئے وہ کڑوی دوا تھی مگر ضروری تھی۔ روپیہ بدستور مستحکم رہے گا۔ فیول پرائس کم ہوئی۔ ہم نے فیول کم امپورٹ کیا۔ مہنگائی، گروتھ میری ترجیح نہیں رہی، میری ترجیح ملک کو ڈیفالٹ سے بچانا تھا۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اتنا کم نہیں ہوگا جتنی ہمیں امید ہے۔ ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے پٹرول مہنگا کیا۔ موجودہ حالات میں درآمدات کم کرنا اور برآمدات بڑھانا چیلنج ہے۔ کچھ لوگ سمجھتے ہوں گے اچھا کام کر رہا ہوں۔ سٹیٹ بنک کا گورنر اس ہفتے میں لگ جائے گا۔