لاہور +تھائی لینڈ (سپورٹس رپورٹر+نیٹ نیوز) تھائی لینڈ میں ہونے والے ایشین باکسنگ فیڈریشن کے پروفیشنل مقابلوں میں پاکستانی باکسرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 ٹائٹل اپنے نام کر لئے ہیں۔ پاکستانی باکسر تیمور خان نے ہیوی ویٹ ٹائٹل بھارتی باکسر ویدانت اگروال کو شکست دے کر اپنے نام کیا۔ ہیوی ویٹ ٹائٹل کے لیے پاکستان کے تیمور خان اور بھارتی باکسر رنگ میں اترے تو تیمور خان نے بھارتی باکسر پر مکوں کی برسات کر دی اور وہ چند راؤنڈز کے بعد ٹیکنیکل ناک آؤٹ ہوگئے۔ ایشین باکسنگ فیڈریشن کے مڈل ویٹ ٹائٹل کا مقابلہ بھی پاکستان کے شہیر آفریدی اور بھارتی باکسر اسرار عثمانی کے درمیان ہوا۔ سندھ پولیس سے تعلق رکھنے والے شہیر آفریدی نے چند منٹوں میں ہی بھارتی باکسر کو دھو ڈالا۔ شہیر آفریدی نے پہلے ہی راؤنڈ میں بھارتی باکسر کو ناک آؤٹ کردیا، یوں ایشین باکسنگ فیڈریشن کے مڈل ویٹ کا ٹائٹل بھی پاکستان کے نام رہا۔ کراچی کے علاقے لیاری سے تعلق رکھنے والے نادر بلوچ نے تھائی باکسر کو شکست دے کر ایشین باکسنگ فیڈریشن کونٹینینٹل ٹائٹل اپنے نام کیا۔ پاکستان پروفیشنل باکسنگ کونسل کے سیکرٹری کلیم آزاد کا کہنا ہے کہ پاکستانی باکسروں نے زبردست کامیابی حاصل کی ہے، ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان نے جوڈو مقابلوں میں پہلا میڈل جیت لیا۔ پاکستان کے شاہ حسین شاہ نے 90 کلو گرام کیٹیگری کے جوڈو مقابلوں میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ شاہ حسین نے جنوبی افریقی حریف کو شکست دی۔ اس سے قبل 2014ء کے مقابلوں میں بھی سلور میڈل جیت چکے ہیں۔ نوجوان جوڈوکا اولمپک میڈلسٹ باکسر حسین شاہ کے بیٹے ہیں۔ کامن ویلتھ گیمز 2022ء میں پاکستان نے پہلا گولڈ میڈل جیت لیا۔ پاکستان کے نوح دستگیر بٹ نے 109 پلس ویٹ لفٹنگ میں گولڈ میڈل جیتا۔ نوح دستگیر نے مجموعی طور پر 405 کلوگرام وزن اٹھایا۔ نوح دستگیر نے اسنیچ میں 173 جبکہ کلین اینڈ جرک میں 232 کلو وزن اٹھایا۔