راولپنڈی(جنرل رپورٹر)وفاقی حکومت کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں پر مختلف مدوں میں ٹیکس بڑھانے کے خلاف راولپنڈی میں سوزوکی اور ویگن یونین کے راہنمائوں اور کارکنوںنے فوارہ چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا ، مظاہرین نے ٹیکسوں میں ا ضافے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا، گزشتہ روز سوزوکی یونین اور ویگن یونین کے راہنمائوں راجہ محمد بشیر، راجہ مبارک محمود، سید قیصر عباس، راجہ تمثیر ، وزیر ستی، سردار وحید ، راجہ فیصل ، راجہ نزاکت ، راجہ سعید، راجہ قمر، ملک زمان ، قلندر خان سمیت دیگر احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوئے، مظاہرین نے فوارہ چوک بلاک کر دیا ، گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی قطاریں لگ گئیں، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے راہنمائوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے گاڑیوں کے ٹوکن ، ٹرانسفر، رجسٹریشن سمیت دیگر مدوں میں ٹیکسوں میں اتنا اضافہ کر دیا ہے جو برداشت سے باہر ہے پہلے ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے پریشان تھے اب یہ ہو گیا، مہنگائی میں پسے لوگوں کو ریلیف دینے کے بجائے مزید مسائل میں پھنسایا جا رہا ہے ، ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ ٹیکسوں کو واپس لیا جائے نہیں تو گاڑیاں کھڑی کرنے پر مجبور ہوں گے۔