جن کی غلامی کر رہے ہو وقت بدلنے پر پہچانیں گے بھی نہیں: سندھ ہائی کورٹ

کراچی (نیوز رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے اینٹی کرپشن حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوکری کریں، کسی کی غلامی نہ کریں، جن کی غلامی کر رہے ہیں، وقت بدلنے پر وہ پہچانیں گے بھی نہیں۔ عدالت نے حلیم عادل شیخ کو گرفتار نہ کرنے پر جاری حکم امتناع میں توسیع کرتے ہوئے سماعت17 اگست تک ملتوی کر دی۔ بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں اینٹی کرپشن کے خلاف سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے خلاف اینٹی کرپشن انکوائری اور گرفتاری سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت اینٹی کرپشن حکام پر برہم ہوگئی۔ عدالت نے اپوزیشن لیڈر کو گرفتار کرنے والے افسر کو عدالت نہ چھوڑنے کا حکم دیا۔ عدالت نے افسران کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ نوکری کریں، کسی کی غلامی نا کریں۔ جن کی غلامی کررہے ہیں، وقت بدلنے پر وہ پہچانیں گے بھی نہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جس میٹنگ  میں درخواست گزار کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی سفارش کی گئی ہے اس کے تفصیلات پیش کریں۔ تفصیلی وجوہات اور شواہد جن کی بنیاد پر مقدمہ ہوا ہے وہ بھی پیش کی جائیں۔ عدالت نے ایس ای سی ون ممبران آئندہ سماعت پر پیش ہوں۔ عدالت نے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ایسٹ اور جامشورو سے بھی جواب طلب کرلیا۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ حلیم عادل کی گرفتاری پر جاری حکم امتناع میں توسیع کی جائے۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ وہ تو ہم نے پہلے سے جاری کیا ہوا ہے۔ عدالت نے حلیم عادل شیخ کو گرفتار نا کرنے پر جاری حکم امتناع میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 17 اگست تک ملتوی کر دی۔
سندھ ہائیکورٹ

ای پیپر دی نیشن