مٹھی/ اسلام کوٹ (رپورٹ: نندلال لوہانہ + ریاض سکندر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تھر کول واحد پروجیکٹ ہے جس پر آصف علی زرداری اور میاں نواز شریف ایک ساتھ سٹیج پر ہیں جس سے سرمایہ کاروں میں اعتماد بحال ہوا اور آج پورا پاکستان تھر کی بجلی سے فائدہ اٹھا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں تھرکول بلاک 2 اسلام کوٹ (تھرپارکر) میں سی پیک منصوبے کے تحت کوئلے پر کام کرنے والی حبکو کمپنی کی جانب سے 330 میگا واٹ بجلی کی پیداوار پروجیکٹ کی تکمیل کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے اس پروجیکٹ کو ختم کر دیا تھا لیکن جب آصف علی زرداری اقتدار میں آئے تو ہم نے تھر کول مائننگ اور بجلی کا پروجیکٹ شروع کیا، انہوں نے کہا کہ مجھے یہ اعزاز حاصل ہے کہ سندھ اینگرو کے 660 میگا واٹ کے پاور پروجیکٹ کو نیشنل گرڈ کے ساتھ شامل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تھر میں کوئلہ دریافت ہوا تو محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے تھرکے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کا خواب دیکھا تھا جو آج پورا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کوئلے کی مدد سے 12ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 2009ء میں کوئی بھی کمپنی تھر کے کوئلے پر کام کرنے پر آمادہ نہیں تھی۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ 2014ء میں سندھ حکومت نے اس پروجیکٹ پر 2 ارب روپے مختص کئے۔ تھر کے کوئلے کی رائلٹی تھر اور تھر کی عوام کو مل رہی ہے اور کہا کہ اس پروجیکٹ سے اسلام کوٹ کے باسیوں کو 100یونٹ تک بجلی مفت دی جارہی ہے۔
وزیراعلی سندھ