لاہور(کامرس رپورٹر )لاہور چیمبر آف کامرس میں چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی بزنس اینڈ ٹیکس ریفارمز کاشف انور کی زیر صدارت پنجاب ریونیو اتھارٹی کے کردار اور افادیت اور پنجاب فنانس بل23- 2022 میں ہونیوالی ترامیم کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کے مہمان خصوصی سینئر انفورسمنٹ آفیسر پنجاب ریونیو اتھارٹی عمر فاروق خان تھے جبکہ سیمینار میں لاہور ٹیکس بار اور سینئر وکلا عاشق علی رانا، حسن علی قادری، محمد دائود، حسیب خان سمیت بزنس کمیونٹی کی بڑی تعداد سیمینار کے موقع پر موجود تھی۔ تقریب کے موقع پر چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی کاشف انور کی جانب سے بزنس کمیونٹی کو وابستہ ٹیکس ڈیپارٹمنٹس اور اداروں سے متعلقہ مشکلات سے آگاہی دی گئی۔ تقریب کے موقع پر سینئر انفورسمنٹ آفیسر پنجاب ریونیو اتھارٹی عمر فاروق خان نے پی آر اے کی افادیت اور اور کردار کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی نے بزنس کمیونٹی کے متعدد دیرینہ مسائل کو حل کردیا ہے۔ جبکہ بزنس کمیونٹی پر کوئی بھی نئے ٹیکس کا نفاذ نہیں کیا گیا جبکہ ماضی میں دی جانیوالی سہولیات کو برقرار رکھا گیا ہے۔ پی آر اے میں ہر ہفتے سیکٹر وائز آگاہی ورکشاپس سلسلہ جاری ہے۔ 8 سال کی ریکارڈ کی شرط کو 5 سال تک کردیا گیا۔ جبکہ ایف بی آر اور پی آر اے کی چند ماہ میں ایک ہی ریٹرن کردی جائیگی۔ سیمینار کے موقع پر سینئر وکلاء کی جانب سے پنجاب فنانس بل میں ہونیوالی ترامیم پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔اس موقع پر چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی بزنس اینڈ ٹیکس ریفارمز کاشف انور کا کہنا تھا کہ لاہور چیمبر آف کامرس کے پلیٹ فارم سے بزنس کمیونٹی کی آگاہی اور آسانیوں کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھاتے رہیں گے۔
پنجاب ریونیو اتھارٹی کی افادیت ، فنانس بل میں ترامیم کے بارے آگاہی سیمینار
Aug 04, 2022