لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہورغلام محمود ڈوگر کی صدارت میں سٹی ڈویژن اور سنٹرل ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر،ایس ایس پی ایڈمن عاطف نذیر،ایس پی سٹی اخلاق اللہ تارڑ،سٹی ڈویژن کے تمام سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ مجالس و عزاداری جلوسوں کیآرگنائزرز، علما کرام،مقامی نمائندوں اور تاجر برادری سے سکیورٹی انتظامات اور درپیش مسائل بارے تبادلہ خیال کیا۔غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ محرم الحرام کے مرکزی عزاداری جلوسوں کی وجہ سے سٹی ڈویژن انتہائی حساس ہے۔تمام مکاتب فکر،کمیونٹی لیڈرز، آرگنائزر اور سٹیک ہولڈرز کے تعاون اور کوآرڈینیشن سے محرم اور یوم عاشور کو پر امن بنائیں گے۔پرامن محرم میں زیرو ایف آئی آر ترجیح ہے،ضابطہ نہیں رابطہ رکھنا کے اصول پر عمل کریں۔جہاں کہیں انتشار ہوگا،ریاست وہاں بہر صورت اپنی رٹ قائم کریگی۔اشتعال انگیزی کسی صورت برداشت نہیں۔ لاہور پولیس امن کارواں آٹھ محرم الحرام کی شام سے شروع کریگی جس میں ضلعی انتظامیہ، امن کمیٹی کے ارکان،تمام مکاتب فکر کے علما کرام اور مشائخ عظام شامل ہوں گے۔انہوں نے پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ،امام بارگاہ خیمہ سادات سمیت سٹی ڈویژن کی مختلف امام بارگاہوں اور مرکزی عزاداری روٹ کی سکیورٹی کا جائزہ لیا۔اور کہا کہ امام بارگاہوں،مجالس اور عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی و سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔