لاہور ( خصوصی نامہ نگار)پاکستان مسلم لیگ لاہور کے جنرل سیکرٹری محمد ندیم پہلوان نے کہا ہے کہ ملک کو بحرانوں کی دلدل سے باہر نکالنے کیلئے سب کو نیک نیتی سے اجتماعی کاوشیں کرنا ہوں گی۔ کسی کو بھی منفی بیان بازی کے ذریعے اداروں کی بے توقیری نہیں کرنی چاہیے۔ چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ نے ہمیشہ افہام و تفہیم کو فروغ دینے کی سیاست کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے برطانیہ میں پارٹی رہنماﺅں اور مختلف شعبوں میں کام کرنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ محمد ندیم پہلوان نے کہا کہ دیار غیر میں بسنے والے پاکستانی صرف اپنے خاندانوں کو نہیں پالتے بلکہ ان کی جانب سے بھجوائی جانے والی ترسیلات زر سے ملک کا نظام بھی چلتا ہے۔ ہم اوورسیز پاکستانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک میں وسائل رکھنے والے پاکستانی اپنے ملک میں سرمایہ کاری کریں تاکہ ملک کے معاشی حالات بہتر ہوں ، یہاں کے مقامی سرمایہ کاروں کو بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کیاجائے۔ پاکستان اور برطانیہ کے نجی شعبوں کے وفود کے تبادلے کیلئے بھی سرگرمیاں کی جائیں جس کے انتہائی مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔
ملک کو بحرانوں سے باہر نکالنے کیلئے اجتماعی کاوشیں کرنا ہوں گی:ندیم پہلوان
Aug 04, 2023