کراچی(این این آئی)سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیںکہ سندھ میں ایک مرتبہ پھر مردم شماری کی جائے اورمردم شماری سے متعلق ہمارے تحفظات دور کیے جائیں۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان کو بھی مردم شماری پرتحفظات ہیں ہمارا موقف ہے کہ مردم شماری میں سندھ میں کم گنتی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی مردم شماری پر پہلے دن سے اعتراضات ہیں، وزیراعلی سندھ نے تحفظات پر مبنی خطوط بھی احسن اقبال کو لکھے ہیں مردم شماری پر وزیراعلی سندھ نے پہلے بھی تحفظات کا اظہار کیا وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ اجلاس میں کھل کر اپنا موقف رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ نئی مردم شماری کے تحت الیکشن کرانے کے بیان پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا وزیراعظم نے جب بیان دیا تو پیپلزپارٹی سے مشاورت نہیں کی گئی تھی وزیراعظم نے ذاتی حیثیت میں بیان دیا،اتحادیوں سے مشاورت کرنا ہو گی۔ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ اتحادی جماعتوں کا اجلاس بلایا گیا ہے جہاں مشاورت کی جائے گی پیپلزپارٹی چاہتی ہے الیکشن وقت پرہوں مزیدتاخیرنہ کی جائے نئی مردم شماری پرپہلے ہی اعتراضات ہیں،قانونی پیچیدگیاں بھی ہیں نئی حلقہ بندیوں کیلئے آئینی ترمیم کی ضرورت ہوگی جبکہ یہ ممکن نہیں، مشاورت کے بعد ممکن ہے کوئی راستہ نکالا جا سکے۔
وزیر بلدیات سندھ