کابل ( نوائے وقت رپورٹ) نیشنل ڈویلپمنٹ کمپنی کے حکام نے میڈیا سینٹر میں افغان حکومت کے احتساب پروگرام میں پریس کانفرنس کے دوران کمپنی کی ایک سالہ سرگرمیوں اور کامیابیوں سے متعلق کارکردگی رپورٹ پیش کی۔نیشنل ڈویلپمنٹ کمپنی کے عہدیداروں نے پریس کانفرنس کے دوران کہا: “گذشتہ سال ملک کی سطح پر مختلف علاقوں میں کل 89 منصوبے مکمل کر کے ان کے مالکان کے حوالے کیے گئے جن میں مساجد، فاتحہ خوانی کی جگہیں، سپورٹس جمنازیم اور یونی ورسٹیوں کےلئے ہاسٹلز، سکولوں کے لیے کمپیوٹر لیبز، کرونا کےلئے مخصوص ہسپتال اور صوبہ تخار میں نمک آب کینال شامل ہے۔مذکورہ کمپنی کے حکام نے مزید کہا کہ صوبہ سرپل کے ضلع بلخاب میں کان سے کوئلہ نکالنے کے لیے کام کا آغاز، صوبہ میدان وردگ میں بلخاب کان کنی کی کوئلہ پروسیسنگ اور پیکیجنگ مارکیٹ کی تعمیر، قوشتیپہ کینال اور کمال خان ڈیم کی کھدائی نیشنل ڈویلپمنٹ کمپنی کی گذشتہ سال میں دیگر کامیابیوں میں سے ایک ہے۔علاوہ ازیں کمپنی کے حکام کے مطابق مختلف صوبوں میں تقریباً 267 ایکڑ اراضی اور 161 دکانیں غاصبوں کے قبضے سے چھڑائی گئی ہیں۔ غوری اور جبل السراج سیمنٹ فیکٹریوں میں سیمنٹ کی پیداوار اور معیار بڑھانے کے ساتھ ان کارخانوں کی ذیلی اراضی میں باغات لگانا کمپنی کی گذشتہ ایک سال کی دیگر سرگرمیوں میں سے ہے۔اس کے علاوہ قوش تیپہ کینال، کمال خان ڈیم، تورکو اور قلعہ افضل کینال اور تورا ڈیم کے پہلے مرحلے کی تکمیل، ملکی سطح پر 21 منصوبوں پر تعمیری کام کمپنی کے دیگر منصوبوں میں شامل ہے۔