مہنگائی میں مزیداضافہ انڈسٹری کیلئے تباہی کا سبب بن گیا :شیخ فیصل ایوب

Aug 04, 2023


گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ فیصل ایوب ،سینئرنائب صدر حمیس گلزار مغل اور نائب صدر عادل ندیم نے مشترکہ بیان میںپٹرولیم مصنوعات،گیس اور بجلی کی تباہ کن قیمتوں میں اضافہ پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اضافہ مشکلات سے لڑتی ہوئی انڈسٹری کیلئے مکمل تباہی کا سبب بن گیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ ملک میں کاروباری مشکلات کی وجہ سے صنعتوں کی بڑی تعداد بند ہو چکی ہے ۔لاکھوں مزدور بے روزگاری کا شکار ہو چکے ہیں ۔جبکہ جو انڈسٹری ابتر حالات کے باعث چل رہی تھی حالیہ قیمتوں ان پر اثرانداز ہو نگی۔حکومت کا یہ فیصلہ کاروباری برادری کی برداشت کے باہر ہے جبکہ پاکستانی عوام بھی سخت مایوسی کا شکار ہو گئی ہے ۔صنعتوںکی پیداواری لاگت میں خطرناک حدتک اضافہ نے پیداواری صلاحیت ختم کر کے رکھ دیا ہے ۔ تیزی سے ایکسپورٹ آرڈر کینسل ہو رہے ہیں حکومتی ایکسپورٹ کے اہداف کا حصول ناممکن ہو چکا ہے ۔انہوںنے حکومتی ایوانوں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ بزنس کمیونٹی اورعوامی مسائل کو سمجھیں۔مہنگائی سے پیدا ہونے والے نازک ترین حالات اور عوام کی مشکلات کے پیش نظر اگر حکومت نے مہنگائی پر قابونہ پایا اور عوام کو فوری ریلیف نہ ملا ملک میں ایسی صورتحال پیدا ہو جائے گی جسے کنٹرول کرنا ناممکن ہو جائے۔لہٰذا دانشمندی کا تقاضہ یہی ہے کہ فوری طور پرپٹرولیم مصنوعات،گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو فی الفور واپس لے کیونکہ موجودہ حکومت پر عوام کو بہت سی توقعات تھیں۔

مزیدخبریں