یوم شہداءپولیس آج روایتی  جوش و جذبے سے منایا جائے گا خصوصی تقاریب ہوں گی

Aug 04, 2023


لاہور (نامہ نگار) پنجاب پولیس آج 4 اگست بروز جمعہ صوبہ بھر میں قومی یوم شہدائے پولیس عقیدت و احترام اور روایتی جوش و جذبے سے منائے گی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت تمام اضلاع میں پولیس شہداءکی یاد میں خصوصی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔ جن میں شہداءکی فیملیز کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ یوم شہدائے پولیس قوم کے بہادر سپوتوں کے ساتھ تجدید عہد کا دن ہے اور اس دن پنجاب پولیس کے ہیروز کی بے مثال قربانیوں کو بہترین خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ یوم شہداءپولیس کی مرکزی تقریب الحمرا ہال لاہور میں منعقد ہوگی جس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور شرکت کریں گے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس اپنے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کو شایان شان خراج تحسین پیش کرے گی۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ شہداءنے اپنا آج قوم کے پرامن مستقبل کی خاطر قربان کیا۔ شہادت سے محکمے کی عزت اور وقار کو چار چاند لگائے، مجھے ایسی فورس کا کمانڈر ہونے پر فخر ہے جس کے 1600 بہادر سپوتوں نے ملک و قوم کی سربلندی کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے اور فرض کی راہ میں آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر ڈی آئی جی ویلفیئر نے تمام اضلاع اور یونٹس کو یوم شہداءپولیس کے حوالے سے مراسلہ بھجوا دیا ہے۔
یوم شہداءپولیس

مزیدخبریں