پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) آج کل سوشل میڈیا کا دور ہے ، سچ کے ساتھ جھوٹ کا مقابلہ کرنا آج کا بڑا چیلنج ہے۔ پاکستان کو اپنی ماں سمجھیں اور اس کی بحالی و ترقی کے لئے خلوص دل سے کام کریں۔ پی ڈی ایم کی حکومت نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا ہے۔ قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف اپنے ورکرز کو جانتے بھی ہیں اور پہچانتے بھی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار بیرسٹر امجد ملک چیف کوآرڈینیٹر انٹرنیشنل افئیر و اوورسیز پاکستانیز نے چئیرمین مسلم لیگ ن فرانس راجہ علی اصغر کی طرف سے دئے گئے ظہرانہ میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ نو مئی کا واقعہ پاکستان کی سیاسی تاریخ کا بھیانک واقعہ ہے ، ن لیگ اور پی پی کی لیڈر شپ نے سیاست میں بہت سختیاں برداشت کی ہیں۔ لیکن کبھی ملکی اداروں پر یلغار نہیں کی ، تحریک انصاف نے تو ابھی کوئی سختی دیکھی ہی نہیں اور انہوں نے شور و غوغا کا طوفان برپا کردیا ہے۔ مسلم لیگ ن اووورسیز میں سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے ، حکومت پاکستان نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے اسمبلی میں خصوصی سیٹوں کے کوٹہ کا اعلان کیا ہے۔ بیرسٹر امجد ملک نے مسلم لیگ ن یورپ کی تنظیم سازی کے حوالے سے کہا کہ سولہ ممالک میں نئی تنظیم سازی کی گئی ہے ، اہداف یہ تھے کہ تنظیم سازی کی جائے تو پرانے لوگوں کو ساتھ رکھ کر نئے لوگوں کو آگے لایا جائے ، تاکہ ڈیجیٹل دور کے تقاضوں کے مطابق جماعت کا نظریہ پروان چڑھایا جائے۔
ظہرانہ تقریب سے میزبان راجہ علی اصغر چئیرمین مسلم لیگ ن فرانس نے بھی خطاب کیا۔ راجہ علی اصغر نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور فرانس کی مسلم لیگی سینئر قیادت کو خوب خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر اختر علی بٹ اور سابق جنرل سیکریٹری محمد یوسف خان اور ان کی ٹیم کی مسلم لیگ ن کے لئے بہت خدمات ہیں ، ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ظہرانہ تقریب سے سابق صدر اختر علی بٹ ، سابق جنرل سیکریٹری محمد یوسف خان ، سینئر راہنما سردار ظہور اقبال ، سینئر راہنما میر عبدالقدیر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر بیرسٹر امجد ملک نے سینئر راہنماؤں کی خدمات پر انہیں شیلڈز پیش کیں۔ راجہ علی اصغر نے مہمانوں کی تواضع پرتکلف کھانوں سے کی۔
پی ڈی ایم کی حکومت نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا ہے
Aug 04, 2023