لاہور(سپورٹس رپورٹر)37 سال بعد ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے والے حمزہ خان کو حکومتِ پاکستان نے ایک کروڑ روپے کا انعامی چیک دیدیا۔ وزیراعظم شہباز شریف سے ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن حمزہ خان کی ملاقات سے کی اور انکی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے حکومت پاکستان کی طرف ایک کروڑ روپے کا انعامی چیک بھی دیا۔اس موقع پر ورلڈ جونیئر سکواش کا ٹائٹل جیتنے والے حمزہ خان نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے حمزہ خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جیسے باصلاحیت نوجوان ہماری قوم کا فخر اور قومی سرمایہ ہیں، پاکستان کو دہائیوں کے بعد سکواش کا اتنا بڑا ٹائٹل جتوا کر مجھ سمیت پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ امید ہے آپ جلد ہی اپنی محنت اور لگن سے سکواش کا سینئر عالمی ٹائٹل بھی جیتیں گے، میری ہمیشہ سے کوشش رہی کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی بین الاقوامی سہولیات فراہم کی جائیں۔