فیصل آباد+سیالکوٹ+ لاہور (نمائندہ خصوصی + نامہ نگار) اوباش ملزموں نے مغوی بچے کو ہوس کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا جبکہ بچے کی لاش نہر سے برآمد ہوئی ہے۔ تھانہ ملت ٹاؤن کے علاقہ محلہ یوسف آباد کے رہائشی اسلم کا بارہ سالہ بیٹا زین چند روز قبل گھر کے سامنے کھیلتے ہوئے لاپتہ ہو گیا تھا جس کے اغواء کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا تھا تاہم گزشتہ روز نہر میں تیرتی بچے کی لاش دیکھ کر راہگیروں نے پولیس کو اطلاع کر دی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر ضروری کاروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے مارچری یونٹ منتقل کر دیا، پولیس رپورٹ کے مطابق مقتول بچے کی شناخت مغوی زین کے نام سے ہوئی ہے جسے نامعلوم ملزموں نے اغوا کرنے کے بعد مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا اور پکڑے جانے کے ڈر سے بچے کو قتل کر کے لاش نہر میں بہا دی، پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد حقائق سامنے آئیں گے، پولیس مصروف کارروائی ہے۔ اوباش افراد نے دو خواتین کو ہوس کا نشانہ بنا دیا۔ تھانہ سٹی تاندلیانوالہ کے علاقہ قصبہ تاندلیانوالہ کے رہائشی عبدالرئوف کی بیوی (ن) گھر میں اکیلی تھی کہ مسلح ملزمان دیوار پھلانگ کر گھر میں گھس گئے اور اسلحہ کے زور پر ڈرا دھمکا کر اسے زبردستی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد فرار ہو گئے۔ تھانہ گڑھ کے علاقہ 455 گ ب میں ملزم عمران کام کے بہانے (خ) کو ورغلا کر اپنے ساتھ خالی مکان میں لے گیا اور اسے اسلحہ کے زور پر ڈرا دھمکا کر زبردستی زیادتی کا نشانہ بناتا رہا۔ بعد ازاں ہوس پوری ہونے کے بعد اسے گاؤں کے قریب چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ پولیس نے مقدمات درج کر کے ملزموں کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق کوٹ گوندل میں اوباش نے پندرہ سالہ لڑکے سے زیادتی کر ڈالی۔ تھانہ قلعہ کالر والا کے گائو کوٹ گوندل میں عباس قدیر کا 15 سالہ بھتیجا صہیب سالن لیکر حسن شاہ کے گھر گیا جہاں پر حسن شاہ نے اسے قابو کر لیا اور اس سے زیادتی کر ڈالی۔ لاہور سے نامہ نگار کے مطابق نواب ٹائون پولیس نے 14 سالہ بچے سے بدفعلی کرنے والا ملزم چند گھنٹوں میں ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔ ملزم محمد بوٹا نے بچے کو ڈرانے دھمکانے کے بعد اس سے بدفعلی کی۔ ملزم کو مزید تحقیقات کیلئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
فیصل آباد: مغوی بچہ زیادتی کے بعد قتل، نعش نہر سے برآمد
Aug 04, 2023