اسلام آباد(نا مہ نگار)قومی احتساب بیورو(نیب)کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل(ر)نذیر احمد کی جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں نیب راولپنڈی نے عوام کے مسائل ترجیہی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے دوسری ماہانہ کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی مرزا عرفان بیگ کی نگرانی میں کھلی کچہری میں متاثرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے مسائل و شکایات سے آگاہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق عوام کو کرپشن و لوٹ مار سے متعلقہ مسائل کے فوری مداوا کرنے کیلئے چیئرمین نیب کیجانب سے ماہانہ کھلی کچہری کے انعقاد کا اعلان کیا گیا تھا جن پر عملدرآمد کرتے ہوئے ڈی جی نیب راولپنڈی کی نگرانی میں آج دن دو بجے نیب راولپنڈی میں پہلی کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہری میں سائلین کی بڑی تعداد کرپشن و دھوکہ دہی کی شکایات لئے پہنچی جہاں ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی مرزا عرفان بیگ نے سائلین کے مسائل اور شکایات کو نہ صرف بغور سنا بلکہ متاثرین کی شکایات پر متعلقہ آفیسران کو فوری ٹھوس اقدامات اٹھانے کے احکامات بھی صادر کئے جبکہ سائلین کو ان کی شکایات پر ہونیوالی پیشرفت سے آگاہ رکھنے کے لئے منظم طریقہ کار کے اجرا کے احکامات بھی جاری کئے۔ نیب راولپنڈی میں منعقدہ کھلی کچہری میں دادرسی کیلئے آنیوالے سائلین کی اکثریت عوام کو منافع کی لالچ دے کر خطیر سرمایہ اکھٹا کرنے اور ہاسنگ سیکٹر سے متعلق تھی۔نیب راولپنڈی نے تمام سائلین کی شکایات پر جانچ پڑتال کے عمل کا آغاز کر دیاہے تاکہ مذکورہ کیسز میں جلد ازجلد پیش رفت کرتے ہوئے متاثرین کی دادرسی ممکن بنائی جاسکے۔اس موقع پر ڈی جی نیب راولپنڈی نے متاثرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چیئر مین نیب کی قیادت میں نیب راولپنڈی بدعنوان عناصر کیخلاف بھرپور اقدامات اٹھانے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد متاثرین کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کی سعی ہے جس کی وہ ازخود نگرانی کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام شکایت کنندگان کو ریلیف فراہم کرنانیب کا مشن ہے جبکہ عوام سے دھوکہ دہی سے متعلقہ کیسز کے سائلین کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی نیب راولپنڈی کرپٹ عناصر سے اربوں روپے کی ریکوری ممکن بنا چکا ہے تاہم مستقبل میں بھی عوام کے مسائل کو ترجیہی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے عملی اقدامات اٹھانے کا سلسلہ جاری رکھا جائیگاتاکہ متاثرین کے نقصانات کا جلد از جلد ازالہ کیا جا سکے اور کرپٹ عناصر کو قرار واقعی سزا دلوائی جاسکے۔ انہوں نے متاثرین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا کہ نیب راولپنڈی ہر ماہ کے پہلی جمعرات کو دن دو سے4بجے کے درمیان کھلی کچہری کا انعقاد کرے گا تاکہ سائلین کو فوری انصاف کی راہ ہموار ہو سکے۔کھلی کچہری میں شرکت کرنیوالے تمام متاثرین نے چیئر مین نیب کے ویژن اور نیب راولپنڈی کے عملی اقدام کو سراہا اور اظہار تشکرکرتے ہوئے کھلی کچہریوں کے انعقاد کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کی درخواست کی۔
نیب راولپنڈی کی عوای مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے دوسری ماہانہ کچہری
Aug 04, 2023