بہاول پور،لاہور( نامہ نگار،خصوصی نامہ نگار )امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں ڈرگ مافیا نئی نسل پر حملہ آور ہے ،ملک کی 237 یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم لاکھوںطالبات عدم تحفظ کا شکار ہیں ،ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ڈرگ مافیا اپنے پنجے گاڑ رہا ہے اور بچوں کے کردار کو داغدار کر رہا ہے وفاقی اور صوبائی حکومت نے 8 تحقیقاتی کمیٹیاں بناکر مٹی پائو پالیسی اپنائی ہے قوم کا یہ مطالبہ ہے کہ اگر اسلامیہ یونیورسٹی کو داغدار کرنے والے کرداروں کو عبرت کا نشان نہیں بنایا تو ہم چوکوں اور چوراہوں میں اپنا احتجاج جاری رکھیںگے ۔وہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے سامنے جماعت اسلامی کی جانب سے تعلیم بچائو مارچ سے خطاب کر رہے تھے۔۔سراج الحق نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے قوم پر جاتے جاتے پٹرول اور ڈیزل کے بم گرائیں ہے اور بجلی کے جھٹکے دیئے ہیں ہماری یہ خواہش ہے کہ وہ اسلامیہ یو نیورسٹی کے کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچا کر تعلیمی اداروں کے تقدس کو بحال کرنے کی ہماری جدوجہد میں شامل ہوں ۔انہوں نے کہا کہ ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ 76 ارب روپے پروٹوکول پر خرچ کیے جارہے ہیں اور پنجاب حکومت 300 ارب روپے بیوروکریسی کی نئی گاڑیوں کے خریدنے پر خرچ کر رہی ہیں۔